شمکینٹ، 29 اگست (یو این آئی) سابق عالمی نمبر ایک اور 2018 کے چانگون ورلڈ چیمپئن انکور متل نے 16ویں ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ کے دوران ڈبل ٹریپ مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر ایشیائی چیمپئن شپ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔انکور کی جیت کے ساتھ قزاقستان کے ، شمکینٹ میں جاری مقابلے میں ہندوستان کے کل تمغوں کی تعداد 103 تک پہنچ گئی ۔ یہ ہندوستان کی 52 طلائی، 26 چاندی اور 25 کانسے کے تمغوں کے ساتھ اب تک کی بہترین کارکردگی۔انکور متل نے بھانو پرتاپ سنگھ اور ہرش وردھن کاویہ کے ساتھ ڈبل ٹریپ ٹیم ایونٹ میں ٹیم کانسے کا تمغہ بھی جیتا تھا۔ انکور نے چار راؤنڈ میں (ہر ایک میں 30 شاٹس) میں 26، 28، 26 اور 27 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے کل 107 ہٹ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ قزاقستان کے مقامی شوٹر آرٹیوم چکولائیف نے 98 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ کویت کے احمد الفاسی نے شوٹ آف میں 96 پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔
ڈبل ٹریپ جونیئر زمرہ میں حاتم خان محمد نے 89 ہٹ کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا اور مانوراج سنگھ چڈاسما نے 87 ہٹ کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ ان دونوں نے ونے پرتاپ سنگھ چندراوت (81) کے ساتھ اس ایونٹ کا ٹیم گولڈ بھی جیتا تھا۔ڈبل ٹریپ خواتین کے زمرے میں ہندوستان نے پوڈیم کلین سویپ کرتے ہوئے سونے، چاندی اور کانسے کے تمغے اپنے نام کئے۔ انوشکا سنگھ بھاٹی (93) نے گولڈ، راجکمار پرنیل انگلے (89) نے چاندی اور یشایا حافظ کنٹریکٹر (87) نے کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ اس تینوں نے ٹیم طلائی تمغہ بھی جیتا۔ خواتین کے جونیئر زمرے میں اونی الانکر کولی نے 77 ہٹ کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ اونی نے کرشیکا جوشی اور سمیتا ساونت (دونوں 61 ہٹ) کے ساتھ ٹیم سلور بھی جیتا۔









