انڈین ویلز، 13 مارچ (یواین آئی) دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی کارلوس الکاراز نے اپنی فتوحات کا سلسلہ 16 میچوں تک بڑھا دیا اور جمعرات کو بی این پی پریباس اوپن میں مسلسل پانچویں بار انڈین ویلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ ٹاپ سیڈ کھلاڑی نے کیمرون نوری کے خلاف 6-3، 6-4 سے کامیابی حاصل کی، جس سے انہوں نے برطانوی کھلاڑی سے بدلہ لے لیا، جس نے انہیں گزشتہ نومبر میں پیرس میں شکست دی تھی۔ الکاراز نے کورٹ پر اپنے انٹرویو میں نوری کے بارے میں کہاکہ”مجھے ان کے کھیل کے انداز سے بہت مشکل ہوتی ہے۔ ہر بار جب میں ان کے خلاف کھیلتا ہوں تو یہ میرے لیے بہت کٹھن ہوتا ہے۔ ان کا اسٹائل، ان کا ہیوی ٹاپ اسپن فورہینڈ، بہت اونچا، یہ تھوڑا کنفیوژنگ ہوتا ہے اور پھر بیک ہینڈ، بہت فلیٹ اور بہت نیچا۔ کبھی کبھی ان کے خلاف کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ لیکن مجھے صحیح شاٹ مل رہا ہے۔ میں نے اچھا کھیلا، شاندار کھیلا اور جب بھی موقع ملا، جارحانہ کھیلا۔ میں اس لیول پر کھیل کر خوش ہوں۔پہلے سیٹ کے آخری چار گیمز میں تین بار سرو توڑنے کے بعد الکاراز نے برتری حاصل کی۔ دوسرے سیٹ میں نوری نے 2-0 کی سبقت لی، لیکن الکاراز نے لگاتار چار گیم جیت کر جواب دیا۔ 22 سالہ کھلاڑی نے 10 بریک پوائنٹس بنائے، جن میں سے چار کو کامیابی سے استعمال کیا۔ ایک گھنٹہ 33 منٹ میں انہوں نے تیز بیس لائن ہٹنگ، ہلکے ڈراپ شاٹس اور شاندار نیٹ پلے کا امتزاج دکھاتے ہوئے میچ جیتا۔
وہیں ڈینیل میدویدیف اپنے پہلے انڈین ویلز خطاب کے ایک قدم اور قریب آ گئے ہیں۔ میدویدیف نے جمعرات کو بی این پی پریبا اوپن میں دفاعی چیمپئن جیک ڈریپر کو 6-1، 7-5 سے آسانی سے ہرا دیا، جہاں 11ویں سیڈ کھلاڑی مسلسل چوتھے سال سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
اپنی پہلی انڈین ویلز ٹرافی کی تلاش میں، میدویدیف مسلسل آٹھ میچ جیت رہے ہیں، دبئی میں خطاب جیتنے کے بعد وہ کیلیفورنیا پہنچے ہیں۔ 30 سالہ میدویدیف نے روٹرڈیم میں اے ٹی پی 500 ایونٹ میں اپنے حریف اسٹیفانوس ستسپاس سے ہارنے کے بعد سے مسلسل 16 سیٹ جیتے ہیں۔
وہیں یانک سِنر نے جمعرات کو بی این پی پریباس اوپن میں لرنر ٹِیئن کو شاندار انداز میں شکست دی۔ اے ٹی پی رینکنگ میں نمبر 2 کھلاڑی نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے موجودہ نیکسٹ جین اے ٹی پی فائنلز چیمپئن ٹِیئن کو 6-1، 6-2 سے ہرایا۔ سِنر، جنہوں نے چوتھے راؤنڈ میں جواؤ فونسی کا کو دو ٹائی بریک سیٹ میں شکست دی تھی، اس بار کسی سخت مقابلے میں نہ الجھنے کے لیے پُرعزم نظر آئے اور ان کا جارحانہ رویہ 20 سالہ امریکی حریف کے لیے بہت مشکل ثابت ہوا۔
گزشتہ اکتوبر میں بیجنگ فائنل میں بھی ٹِیئن کو سیدھے سیٹوں میں شکست دینے والے سِنر نے کہاکہ”مجھے لگتا ہے کہ میچ کا تجربہ کچھ مدد کرتا ہے۔ ہم نے بہترین تیاری کی تھی۔ وہ بہت باصلاحیت کھلاڑی ہے۔
ٹِیئن کی کوشش ابتدا ہی میں کمزور پڑ گئی جب اس نے دوسرے گیم میں ڈبل فالٹ کر کے سِنر کو بریک دے دیا۔ اس کے بعد سِنر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور صرف 66 منٹ میں فتح حاصل کر لی۔ انہوں نے پانچ میں سے چار بریک پوائنٹس کو کامیابی سے کنورٹ کیا۔ 24 سالہ اطالوی کھلاڑی اپنے پہلے بی این پی پریباس اوپن فائنل میں جگہ بنانے کے لیے چوتھی سیڈ والے الیگزینڈر زویریو سے ٹکرائیں گے۔