پریاگ راج30دسمبر: سائبر فراڈ کے معاملات تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں۔ سائبر فراڈ کرنے والے زیادہ تر بوڑھوں کو اپنا شکار بناتے ہیں۔ ایسا ہی ایک حیران کن واقعہ پریاگ راج ضلع سے سامنے آیا، جہاں ایک بزرگ خاتون کو ڈیجیٹل طور پر گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم، بینک کے عملے کی ہوشیاری کی بدولت خاتون فراڈ کا شکار ہونے سے بچ گئیں۔ پی این بی بینک، سِول لائن شاخ کے منیجر اور عملے کی چوکسی کی وجہ سے بزرگ خاتون کی بڑی جمع پونجی بچ گئی۔ دراصل، پیر کو بزرگ خاتون چنچل شریواس دوپہر 1:30 بجے پی این بی بینک پہنچیں۔ انہوں نے بینک اسٹاف سے کہا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کسی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے ہیں۔ شک ہونے پر فرنٹ آفس کے عملے نے چیف منیجر وپن کمار کو اطلاع دی۔ چیف منیجر نے بھی خاتون سے بات کی۔
شک ہونے پر چیف منیجر نے ایک ملازم کو کوٹک مہندرا بینک بھیجا۔ جس اکاؤنٹ میں خاتون رقم بھیجنا چاہتی تھیں، وہ اکتوبر میں کھولا گیا کرنٹ اکاؤنٹ تھا اور یہ اکاؤنٹ جھارکھنڈ کے رانچی کا تھا۔ چیف منیجر نے سائبر کرائم تھانہ پولیس کی بھی مدد لی، اور بزرگ خاتون کو بینک اہلکاروں اور پولیس نے شام تک مصروف رکھا، جس کے بعد بینک منیجر نے خاتون کی غیر ملکی بیٹے سے بات کروائی۔ بینک منیجر نے ایف ڈی توڑنے کے باوجود سائبر ٹھگوں کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل نہیں کی، جس سے بزرگ خاتون کی بڑی جمع پونجی محفوظ رہی۔ بزرگ خاتون چنچل شریواس ایک ریٹائرڈ ٹیچر تھیں۔ ان کے سیونگز، ایف ڈی اور سینئر سٹیزن بینک اکاؤنٹس میں ایک کروڑ 27 لاکھ روپے جمع تھے۔ شبہ ہے کہ سائبر ٹھگوں نے انہیں انکم ٹیکس کے خوف سے ڈیجیٹل گرفتاری کا خوف دلایا تھا۔