راجکوٹ، 06 جنوری (یو این آئی) تیز گیندباز محمد سراج نے ہندوستانی ون ڈے ٹیم میں واپسی کا جشن بنگال کے خلاف 58 رن دے کر چار وکٹ حاصل کر کے منایا اور منگل کو یہاں وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ بی کے مقابلے میں حیدرآباد کو 107 رن کی شاندار کامیابی دلائی۔بنگال کی جانب سے شہباز احمد کی 108 رن کی ناٹ آوٹ اور جدو جہد بھری اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔پہلے بلے بازی کرتے ہوئے حیدرآباد کے سلامی بلے باز امن راو نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 154 گیندوں پر شاندار 200 رن بنائے اور تقریباً تنِ تنہا ٹیم کو مقررہ 50 اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 352 رن کے بڑے اسکور تک پہنچایا۔ بنگال کی طرف سے محمد شمیع (70 رن دے کر تین وکٹ)، شہباز احمد (57 رن دے کر ایک وکٹ) اور روہت (61 رن دے کر ایک وکٹ) نسبتاً کامیاب گیندباز رہے۔
جواب میں بنگال کی ٹیم 44.4 اوور میں 245 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ شہباز احمد کے علاوہ انوستپ مجومدار نے 59 رن کی اننگز کھیلی۔ حیدرآباد کی جانب سے محمد سراج نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے 58 رن دے کر چار وکٹ حاصل کیں۔









