بھوپال، 10 ستمبر : محنت اور خوابوں کی پرواز نے 25 سالہ امان خان کو پائلٹ بنا دیاہے ۔ بھوپال کے امان نے حال ہی میں مدھیہ پردیش فلائنگ کلب سے پائلٹ کی تربیت مکمل کی اور اب وہ کمرشیل ہوائی پلین اڑانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امان کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن سے ہی آسمان میں اڑتے طیاروں کو دیکھ پائلٹ بننے کی ترغیب ملی۔ انہوں نے کہا ’’ جب بھی جہاز اڑتا تھاتو میں سوچتا تھا کہ ایک دن میں بھی آسمان کی بلندیوں کو چھووں گا، آج یہ خواب پورا ہو رہا ہے۔ ‘‘امان کے والد جناب اشتیاق خان ٹیلرنگ کا کام کرتے ہیں اور والدہ محترمہ عائشہ خان ریلوے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود والدین نے اپنے بیٹے کو پائلٹ بنانے کا خواب دیکھا اور ہر قدم پر اس کا ساتھ دیا۔ ستمبر 2022 میں امان نے فلائنگ ٹریننگ شروع کی اور 08 ستمبر 2025 کو انہوں نے کمرشیل پائلٹ کی ٹریننگ مکمل کی۔ مدھیہ پردیش فلائنگ کلب، جو ریاست کا سب سے اہم ہوابازی کا تربیتی ادارہ ہے، نے امان کویہ مقام دلوانے میں اہم کردار نبھایا۔ انہیں کیپٹن وشواس رائے، سینئر پائلٹ اور فلائٹ انسٹرکٹر کیپٹن وامسی کرشنا، چیف فلائٹ انسٹرکٹر کیپٹن آنند اور کیپٹن وویک کی خصوصی رہنمائی ملی۔ امان کا ہدف کمرشیل ہوابازی کے شعبہ میں اپنا کیریئر بنانا اور مستقبل میں ملک کا نام روشن کرنا ہے۔ ان کی یہ فراہمی نہ صرف خاندان کے لیے باعث فخر ہے بلکہ ریاست اور ملک کے نوجوانوں کے لیے ترغیب بھی ہے کہ محنت اور عزم کے ساتھ ہر خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔









