لاہور،04 مارچ (یواین آئی) آل راؤنڈر سلمان آغا کو منگل کے روز نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے پاکستان کی ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔آغا نے کہا، “یہ ایک بڑا اعزاز ہے اور ساتھ ہی ایک چیلنج بھی۔ یہ ایک نوجوانوں پر مبنی ٹیم ہے۔ ہم اپنے نظریہ اور ارادے کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ ہم ورلڈ کپ تک اس فارمیٹ کی بدلتی ہوئی نوعیت کے مطابق خود کوڈھالنا چاہتے ہیں۔ ہم بے خوف ہوکر کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔” پاکستانی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کا اعلان کیا۔لاہور میں سلمان آغا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیموں کا اعلان کیا۔سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے، محمد رضوان، بابر اعظم اور نسیم شاہ کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔ون ڈے ٹیم میں بھی چھ تبدیلیاں کردی گئیں، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور عثمان خان کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہیں کیاگیاہے۔
16 رکنی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں سلمان علی آغا اور شاداب خان کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، جہانداد خان، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، محمد علی، محمد حارث، عثمان خان، عرفان نیازی، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم شامل ہیں۔15 رکنی ون ڈے ٹیم کی قیادت محمد رضوان کریں گے جبکہ عبداللہ شفیق کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، باقی کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا (نائب کپتان)، ابرار احمد، عاکف جاوید، بابر اعظم، فہیم اشرف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، سفیان مقیم اور طیب طاہر شامل ہیں۔