بھوپال، 15 جنوری: آل انڈیا مسلم تہوار کمیٹی کے چیئرمین جناب حافظ احمد شاہمیری خرم نے اعلان کیا ہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی شبِ معراج کا مقدس اور نورانی پروگرام 16 جنوری 2026 کو انتہائی عقیدت و احترام اور پروقار صوفیانہ ماحول میں منعقد کیا جائے گا۔ اس بابرکت موقع پر بھوپال کے اشوکا گارڈن میں واقع ’سنی ثقلینی جامع مسجد‘ میں تبرکات کی زیارت کا خاص اہتمام کیا جائے گا، جہاں ممتاز علمائے کرام شبِ معراج کی عظمت، اس کے روحانی پیغامات، عبادت کی اہمیت، حسن اخلاق اور انسانیت کی خدمت پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔اس موقع پر اپنے پیغام میں صوفی نورالدین ثقلینی نے کہا کہ شبِ معراج ہمیں اللہ سے قربت، رسول اکرم ﷺ کی سنت پر عمل اور تمام انسانوں سے محبت کا درس دیتی ہے، یہ رات باہمی بھائی چارے اور خدمت خلق کے جذبے کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع ہے۔ وہیں مبین ثقلینی نے زور دیا کہ یہ رات ایمان کی پختگی اور نماز کی پابندی کی ترغیب دیتی ہے، لہٰذا ہمیں اپنے کردار کو سنوارنے اور سماج میں امن و آشتی کو فروغ دینے کا عہد کرنا چاہیے۔ کمیٹی کے چیئرمین حافظ احمد شاہمیری خرم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کثیر تعداد میں شرکت کرکے اس روحانی محفل کو کامیاب بنائیں اور اس مقدس رات میں ملک کی ترقی، حفاظت اور آپسی بھائی چارے کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔









