علی گڑھ، 30 مئی (یواین آئی) ”جدید ایتھلیٹکس میں ڈوپنگ اور تکنیکی ضوابط“ کے موضوع پر اتر پردیش ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی گیمز کمیٹی کے اشتراک سے ایک ریاستی سطح کا سیمینار منعقد کیا گیا۔ اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے تقسیم اسناد تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے ایک اہم موضوع پراے ایم یو میں سیمینار کے انعقاد کو سراہا۔ انھوں نے ڈوپنگ سے متعلق آگہی اور کھیلوں میں اخلاقی اقدار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اے ایم یو میں عالمی معیار کے اسپورٹس انفراسٹرکچر کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ کو تعلیمی زندگی کے بعد بھی کھیلوں میں سرگرم رہنے کی ترغیب دی۔ یہ سیمینار پروفیسر ضمیر اللہ خان اور شمشاد نثار اعظمی کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا، جس کا مقصد شرکاء کو ایتھلیٹکس کے جدید تکنیکی قوانین و ضوابط سے آگاہ کرنا اور ڈوپنگ کے بڑھتے ہوئے خدشات سے نمٹنے کی تدابیر سے باخبر کرنا تھا۔
الگ الگ سیشن میں ایمانداری کے ساتھ کھیلوں سے متعلق اخلاقیات کی عمل آوری، نظم و ضبط، اور اسپورٹس مین شپ پر زور دیا گیا، جب کہ ماہرین نے اینٹی ڈوپنگ پالیسیوں اور جدید تکنیکی معیارات پر تفصیل سے بات کی۔ سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس سے شرکاء کے شکوک و شبہات رفع ہوئے اور انھیں ڈوپنگ کے مسئلہ کو گہرائی سے سمجھنے کا موقع ملا۔