میلبورن، 23 جنوری (یو این آئی) گرینڈ سلیم کی سطح پر 100 میچ مکمل کرنے کے بعد کارلوس الکاراز نے ایک ایسا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے، جس نے انہیں عظیم کھلاڑیوں کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔
جمعہ کے روز کورینٹن ماؤٹیٹ کے خلاف فتح کے ساتھ آسٹریلین اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے والے اس ہسپانوی کھلاڑی کا میجر مقابلوں میں ریکارڈ 87-13 ہے، جو اوپن ایرا میں پہلے 100 میچوں میں بہترین آغاز کے لیے بیورن بورگ کے ریکارڈ کے برابر ہے۔
الکاراز نے اس معاملے میں رافیل نڈال اور جان میکنرو جیسے عظیم کھلاڑیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن کا اپنے پہلے 100 گرینڈ سلیم میچوں میں ریکارڈ 86-14 تھا۔ اے ٹی پی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک رہنے والے الکاراز اب ایک ایسا معیار قائم کر رہے ہیں، جہاں کھیل کے بڑے بڑے نام بھی اتنی جلدی نہیں پہنچ سکے تھے۔نوواک جوکووچ، جو 24 مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے ریکارڈ ہولڈر اور میلبرن میں 10 بار کے چیمپئن ہیں، انہوں نے اپنے پہلے 100 گرینڈ سلیم میچوں میں 79-21 کا ریکارڈ بنایا، جبکہ سوئس لیجنڈ راجر فیڈرر نے 80-20 کا ریکارڈ قائم کیا۔الکاراز کے حریف یانک سِنر نے گزشتہ سال ومبلڈن میں اپنا 100واں میجر میچ (81-19) کھیلا تھا، جو اتفاق سے چیمپئن شپ میچ میں خود الکاراز کے خلاف تھا، اور اس مقابلے میں اطالوی کھلاڑی نے کامیابی حاصل کی تھی۔
محض 22 سال کی عمر میں الکاراز چھ بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن ہیں اور اس پندرہ روزہ ایونٹ میں مزید تاریخ رقم کرنے کے درپے ہیں۔ اگر وہ اپنا پہلا آسٹریلین اوپن خطاب جیتنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کر لیں گے اور یہ کارنامہ انجام دینے والے تاریخ کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن جائیں گے۔









