اورنگ آباد۔ بتاریخ ۲۰؍اکتوبر (پریس ریلیز) گزشتہ۱۹اکتوبر بروز اتوار بوقت گیارہ بجے ’عکس ادب‘ کے پچاسو یں(گولڈن جوبلی) شمارہ کی اشاعت کے موقع پر منجانب ’ عکس ادب‘ سکندر علی وجدؔ ہال نزد بھڑکل گیٹ ، اورنگ آباد (مہاراشٹر) میں مختلف پُروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔ جلسہ کا آغاز ڈاکٹر شیخ عظیم الدین کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔
مہمانوں کے استقبال کے بعد ڈاکٹر یوسف صابرؔ نے ابتدائی کلمات پیش کئے۔ اسٹیج پر تشریف فرما تمام مہمانوں کے ہا تھو ں (۱) عکس ادب سہ ماہی اردو اورنگ آباد (خصوصی گوشہ ڈاکٹر دوست محمد خان) (۲) نباتات طب نبویؐ ۔ مرہٹواڑہ کے حوالے سے (۳) نباتاتِ قرآنی ۔ مراٹھواڑہ کے حوالے سے ‘ کا اجراء عمل میں آیا۔ ڈاکٹر یوسف صابرؔ نے بنام ڈاکٹر دوست محمد خان کو توشیحی نظم پیش کی۔ اسی طرح ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر کا تخلیق کردہ قصیدہ (بنام دوست محمد خان) ڈاکٹر محمود صدیقی نے پڑھ کر سنایا۔ اس جلسے کی صدارت ڈاکٹر عبدالکریم سالار (جلگاؤں) نے فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر رفیع الدین ناصر و ڈاکٹر یوسف صابرؔ نے بحسن و خوبی انجام دیئے۔
اس کے بعد ڈاکٹر دوست محمد خان اور یوگندھرا کے چے نے اپنی مترنم آوازوں میں سازندوں کے ساتھ نہایت خوبصورت غزلیں گاکر خوب داد و تحسین حاصل کی ۔ محفل غزل سرائی کے بعد ڈاکٹر نخشب مسعود کی صدارت میں افسانچوں کی محفل سجی۔ اس میں صدر محفل ڈاکٹرنخشب مسعود کے علاوہ ڈاکٹر شہباز زرین، ڈاکٹر فردوس فاطمہ ، فوزیہ نسرین ، ارشد صدیقی، قاضی مجیب الرحمن (بیڑ) ڈاکٹر شہاب افسر، ڈاکٹر یوسف صابرؔ اور خالد قریشی (بیڑ) نے اپنے منتخب افسانچے پیش کئے جبکہ نظامت ڈاکٹر یوسف صابرؔ نے کی۔
اس کے بعد حلیم صابرؔ (کولکتہ) کی صدارت میں کل ہند مشاعرے کا آغاز عمل میں آیا۔ مشاعرہ کی ابتداء شفیع احمد شفیع کے حمد سے ہوئی جبکہ نعت کا نذرانہ حلیم صابر نے پیش کیا۔ صدر مشاعرہ حلیم صابر کے علاوہ شفیع احمد شفیع، عبدالواحدجاذب اور ڈاکٹر منیب حنفی (پربھنی) ارشد صدیقی، قاضی مجیب الرحمن (بیڑ) ذاکر خان ذاکر (ممبئی) اطیب اعجاز (حیدرآباد) ڈاکٹر احمد معراج (کولکتہ) رفیق ناگوری (اجین) تفضیل تابش (برہان پور) اور نعیم ساحر (جلگاؤں) اور مقامی شعراء میں ڈاکٹر یوسف صابرؔ، احمداورنگ آبادی ، ڈاکٹر نصرت حنفی، وسیم راہی، ڈاکٹر غزالہ پروین، زہرہ صدف اور جمال چشتی نے اپنا منتخب کلام سنا کر خوب داد و تحسین حاصل کی۔اس مشاعرے کی نظامت کے فرائض ارشادضیاء (پربھنی) نے نہایت مؤثر انداز سے انجام دیئے۔ اس کے بعد ڈاکٹر مسرت فردوس کی صدارت میں ایوارڈ فنکشن کا انعقاد عمل میں آیا ، جس میں ڈاکٹرانصاری ابرار، ڈاکٹر وہاب الحق، جمال چشتی، ڈاکٹر شیخ عظیم الدین، شیخ عباس شیخ غفور، حلیم صابر (کولکتہ) ڈاکٹر احمد معراج (کولکتہ) اطیب اعجاز (حیدرآباد) رفیق ناگوری (اجین) تابش تفضیل (برہان پور) اور عمر خان موسی خان کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ سکندرعلی وجد ہال میں دن بھر جاری ان اجلاس میں ڈاکٹر ارتکاز افضل، اسلم مرزا، معزہاشمی، ڈاکٹر مسرت فردوس، ڈاکٹرشیخ عظیم الدین، ڈاکٹرشہاب افسر، عطاء اللہ شاہ، ڈاکٹر ادریس محمد فاروقی (عسکری) ڈاکٹر محمد سمیع اللہ خان (پربھنی) سید مقصود احمد نیر (پونہ) ڈاکٹر محمود صدیقی، احمد خان (ایم اے) عاجل عباس، بشارت علی اختر (حیدرآباد) خان مقیم خان، سیدہ فرزانہ نسیم، شرجیل احمد خان اور سید سعود احمد (سہیل) کے علاوہ شہر و بیرون شہر کے متعد معزز سامعین کی کثیر تعداد تاریخی شہر کے سکندرعلی وجد ہال میں موجود تھی۔
اس پروگرام کے آرگنائزر ڈاکٹر یوسف صابر اور کنوینر ابراہیم خان (ریٹائرڈسینٹرل اکسائز آفیسر) تھے۔ آخر میں ڈاکٹر یوسف صابر کے شکریہ پر اس پُروقار پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔