نئی دہلی، یکم اپریل (یو این آئی) اولمپک کھیلوں میں فیلڈ ہاکی کو اہم خصوصیات حاصل ہیں۔ یہ ایک ایسا کھیل ہے جس پر ہندوستان کا غلبہ رہا ہے ۔ اس کی وجہ یہ رہی ہےکہ ہندستانی ٹیم میں ہمیشہ سے ہی تجربے کار کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کی ہے۔ہندستانی ہاکی کی تاریخ کی بات کریں تو شائقین میں سے اکثر نے اجیت پال سنگھ کلر کا نام تو ضرور سنا ہی ہوگا ۔اجیت پال سنگھ کلر جنہیں ،اجیت پال سنگھ بھی کہا جاتا ہے ،ایک ہندوستانی پیشہ ور فیلڈ ہاکی کھلاڑی تھے۔ وہ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان بھی رہ چکےہیں۔ اجیت پال سنگھ کلر سینٹر ہاف پوزیشن پر کھیلا کرتے تھے۔ وہ ملائیشیا کے کوالالمپور میں منعقدہ ہاکی ورلڈ کپ 1975 میں ہندوستانی ٹیم کے کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
اجیت پال سنگھ کلر کی پیدائش یکم اپریل 1947 میں سنسار پور، پنجاب میں ہوئی۔ ہندستان میں اس دن ایک ایسے بچے کی پیدائش ہوئی جو اپنے ساتھ ایک شاندار مستقبل کی کنجی لے کر آیا تھا۔ پنجاب کے جالندھر چھاؤنی کے قریب ایک چھوٹا سا گاؤں سنسار پور ، ہاکی کے ستاروں کے لیے ایک افزائش گاہ کے طور پر مشہور ہے۔ یہ گاؤں متعدد بین الاقوامی ہاکی کھلاڑیوں کا گھر سمجھا جاتا ہے جنہوں نے کھیل میں ہمیشہ اپنی قابل ستائش کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ۔ ہاکی کے لیے ان کا شوق چھوٹی عمر میں شروع ہوا۔ میدان میں ان کی متاثر کن مہارت نے انہیں ہندوستانی اولمپک ٹیم میں جگہ دی۔
سات یا آٹھ برس کی عمر میں معصوم سے بچے اجیت کو ان کے چچا نے ہاکی اسٹک تھمائی تھی ۔ ایک درخت کی شاخ سے کٹی ہوئی لکڑی ان کی بہت قیمتی ہاکی اسٹک ثابت ہوئی۔ انہوں نے اپنے اسکول کے دنوں میں ہی ہاکی جیسے کھیل میں دلچسپی دکھانی شروع کردی تھی اور اپنا پہلا قدم اس میدان میں رکھا۔انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ ہائر سیکنڈری اسکول، جالندھر کنٹونمنٹ میں تعلیم حاصل کی اور 16 برس کی عمر میں 1963 میں پنجاب اسٹیٹ اسکولز ہاکی ٹیم کی نمائندگی کی۔ اسکول کے دوران انہیں کئی میچوں میں چیلنجو ں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔