نئی دہلی 11فروری: ایئر انڈیا نے گزشتہ سال احمد آباد میں پیش آئے طیارہ حادثہ کے متاثرین کے خاندانوں کو 8,000 پاؤنڈ (تقریباً 10 لاکھ روپے) سے 16,000 پاؤنڈ (تقریباً 20 لاکھ روپے) تک اضافی معاوضہ دینے کی پیشکش کی ہے۔ اس کے لیے متاثرہ کنبوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ایئرلائن اور طیارہ ساز کمپنی کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہ کریں۔ یہ اطلاع برطانوی اخبار ’دی انڈیپنڈنٹ‘ نے دی ہے۔ حادثہ کے بعد ایئر انڈیا نے شروعاتی معاوضہ کے طور پر متوفی کے کنبوں کو تقریباً 25 لاکھ روپے (20,215 پاؤنڈ) دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ ایئرلائن کے مالک ٹاٹا گروپ نے مزید 1 کروڑ روپے (80,850 پاؤنڈ) دینے کا وعدہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ 12 جون کو احمد آباد سے لندن جا رہی بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر پرواز بھرنے کے چند ہی منٹ بعد حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ طیارے میں 242 افراد سوار تھے۔ صرف ایک مسافر وشوکمار رمیش زندہ بچ پائے، جبکہ زمین پر موجود 19 افراد کی بھی موت ہوئی۔ حادثہ کی سرکاری جانچ ابھی جاری ہے۔ ایئر انڈیا اور بوئنگ کے خلاف کئی مقدمات چل رہے ہیں۔ ان مقدمات میں طیارے کی سیکورٹی میں کوتاہی اور ذمہ داری طے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ متوفیوں میں 53 برطانوی شہری تھے، اس لیے کچھ مقدمات برطانیہ میں بھی دائر کیے گئے ہیں۔