نئی دہلی 22جولائی: ایئر انڈیا اور اس سے منسلک ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپنے سبھی بوئنگ 787 اور بوئنگ 737 طیاروں میں ’فیول کنٹرول سوئچ‘ (ایف سی ایس) کی جانچ مکمل کر لی ہے۔ ڈی جی سی اے کی 14 جولائی 2025 کی ہدایات کے مطابق یہ جانچ وقت پر مکمل کر لی گئی۔ اس جانچ میں کسی بھی طرح کی خرابی سامنے نہیں آئی ہے۔ یعنی سبھی بوئنگ طیاروں کے فیول سوئچ ٹھیک طرح کام کر رہے ہیں۔ ایئر انڈیا نے 12 جولائی کو خود ہی سبھی بوئنگ طیاروں میں موجود ایف سی ایس کی جانچ کا فیصلہ لیا تھا۔ یہ معائنہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اے اے آئی بی نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں کہا تھا کہ احمد آباد ایئر انڈیا طیارہ حادثہ میں طیارہ کا فیول سوئچ اچانک کَٹ آف ہو گیا تھا۔ جانچ مکمل ہونے کے بعد ایئر انڈیا نے یہ جانکاری ڈی جی سی اے کو دے دی ہے اور کہا ہے کہ وہ مسافروں و عملہ کے اہلکاروں کی سیکورٹی سے متعلق پُرعزم ہے۔