بھوپال 18؍اکتوبر: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) مدھیہ پردیش کے نئے ریاستی صدر جناب محسن علی خان نے آج ریاست کے سب سے بڑے مذہبی مرکز جامعہ اسلامیہ مسجد ترجمہ والی کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نےمفتی اعظم امیر شریعت مولانا محمد احمد خان صاحب دامت برکاتہم سے ملاقات کی اور ان سے خصوصی دعائیں لیں۔
میٹنگ میں مدھیہ پردیش کی موجودہ سماجی، مذہبی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بات چیت انتہائی مثبت اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ جناب محسن علی خان نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا مقصد اتحاد، امن اور ترقی کے ساتھ ریاست کو ایک مضبوط سیاسی اور سماجی پیغام دینا ہے۔
اس دوران انہوں نے سالار عبدالمجید صاحب سے خصوصی ملاقات بھی کی، جہاں AIMIM کے مستقبل کے پروگراموں، تنظیمی ڈھانچے اور ایک مضبوط تنظیم کی تعمیر کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی۔








