بھوپال 3جنوری۔سال نو 2024 کی تیسری صبح یہ صدمہ انگیز خبر ملی کہ اسماء منان صاحبہ بھی اپنے مالک حقیقی سے جا ملیں۔اہل ادب و شائقین غزل و موسیقی کا غمزدہ ہونا فطری تھا لہذا سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا لامتناہی سلسلہ دراز ہے۔
معروف ادبی شخصیت اور اسماء منان کی مداح محترمہ رشدہ جمیل نے لکھا کہ آہ اسماء منان بھی اپنے مالک حقیقی سے جا ملیں ۔اسماء صاحبہ اسٹیٹ بھوپال کے جسٹس انصاری صاحب کی چھوٹی بیٹی تھیں اور جناب منان سلیم خان صاحب کی اہلیہ۔وہ ایک باوقار خاتون تھیں۔بیکن ہاؤس اسکول کی داغ بیل ڈالنے والی بہترین ٹیچر و پرنسپل ۔ وہ آکاشوانی بھوپال کی خوبصورت آواز والی اینکر و خوش الحان غزل سنگر تھیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ انتقال کے وقت انکی عمر تقریباً 82سال تھی۔ بعد ظہر سینٹرل لائبریری میدانِ میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور پاس ہی چھاؤنی۔اتوارہ روڈ واقع قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا۔قبل ازیں مرحومہ کا جنازہ کوہ فضا سے یہاں لایا گیا ۔مرحومہ اسماء منان نے اپنے پیچھے ایک بیٹا فیصل منان اور دو بیٹیاں سمیت بھرا پورا خاندان چھوڑا ہے۔ادارہ ندیم دعا گو ہے کہ اللہ پاک مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور تمام لواحقین بشمول بیٹے فیصل منان اور بھانجے شوکت سعید خان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین