دبئی، 10 مئی (یو این آئی) محمد افضل نے ہفتہ کو یو اے ای ایتھلیٹکس گراں پری 2025 میں مردوں کے 800 میٹر ایونٹ میں ہندوستانی قومی ریکارڈ کو دوبارہ بنایا۔
29 سالہ ا سپرنٹر نے دبئی پولیس کلب اسٹیڈیم میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں 1 منٹ 45.61 سیکنڈ کا وقت طے کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ ان کی ٹائمنگ نے 2018 میں گوہاٹی میں ہونے والی قومی بین ریاستی چیمپئن شپ میں جنسن جانسن کے قائم کردہ 1:45.65 کے پچھلے قومی ریکارڈ کو 0.04 سیکنڈ کے فرق سے شکست دی۔ کینیا کے نکولس کپلاگٹ نے 1:45.38 کے وقت کے ساتھ ریس جیتی، جبکہ جنوبی افریقہ کے کرسٹوفر سوارٹ نے 1:45.84 کے وقت کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ افضل نے 2023 کے ایشین گیمز میں 1:48.43 کی کوشش سے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ انہیں آج تک کسی ہندوستانی کے ذریعہ سب سے تیز 800 میٹر کا وقت ریکارڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کے علاوہ، انیمیش کجر نے مردوں کے 200 میٹر مقابلے میں 20.45 سیکنڈ کے میٹ ریکارڈ وقت کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا، جو اس نے گزشتہ ماہ کوچی میں فیڈریشن کپ میں قائم کیے گئے قومی ریکارڈ سے صرف 0.05 سیکنڈ کم ہے۔ چاڈ کے ماہمت گوبی یوسف (20.93 سیکنڈ) اور متحدہ عرب امارات کے امونوئل بامیڈیل (20.97 سیکنڈ) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔کجور نے ہندوستانی مردوں کی 4×100 میٹر ریلے ٹیم میں گروندر ویر سنگھ، مانیکانت ہوبلیدار اور املان بورگوہین کے ساتھ بھی حصہ لیا۔ کوارٹیٹ نے 38.76 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی ٹیم نے اس سے قبل چنڈی گڑھ میں نیشنل اوپن ریلے کارنیول میں 38.69 سیکنڈ کی کوشش سے قومی ریکارڈ توڑا تھا۔ ڈیوڈ سولومن مردوں کی لمبی چھلانگ میں 7.78 میٹر کی ذاتی بہترین چھلانگ کے ساتھ سرفہرست رہے۔ عمان کے الیربی (7.61 میٹر) اور کروشیا کے مارکو سیکو (7.60 میٹر) نے پوڈیم مکمل کیا۔ شیلی سنگھ نے خواتین کی لمبی چھلانگ میں 6.44 میٹر کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا جبکہ مصر کی ایسرا اویس نے 6.67 میٹر کی چھلانگ لگا کر طلائی تمغہ جیتا۔ اینسی سوجن 6.33 میٹر کی چھلانگ لگا کر تیسرے نمبر پر رہیں۔مردوں کی 400 میٹر کی دوڑ میں ہندوستان کے محمد سنان 46.67 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات کے سلیمان عبدالرحمٰن نے 45.66 سیکنڈز کے ساتھ جیتا۔