نئی دہلی 18ستمبر: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی کے انکشافات کے بعد الیکشن کمیشن اور حکمران بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے کرناٹک کے آلند اسمبلی حلقے میں بڑے پیمانے پر ووٹوں کو حذف کئے جانے کا معاملہ اٹھایا، جس کے بعد کانگریس نے اسے جمہوری عمل پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔ کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ آلند حلقے میں ووٹ ڈلیشن کی جانچ کر رہی سی آئی ڈی نے گزشتہ 18 ماہ میں الیکشن کمیشن کو 18 خط بھیجے، مگر کمیشن کی جانب سے کوئی بامعنی جواب یا کارروائی سامنے نہیں آئی۔ کھڑگے کے مطابق الیکشن کمیشن کی یہ خاموشی اصل مجرموں تک پہنچنے کی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی ہے۔ انہوں نے راہل گاندھی کے اس دعوے کو دہراتے ہوئے کہا کہ آلند میں ’ووٹ چوری‘ منظم طریقے سے انجام دی گئی ہے اور اب اس کے ٹھوس شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں۔