بھوپال 11جون (رپورٹر) مدھیہ پردیش میں دن بھر شدید گرمی کے بعد شام کے وقت کچھ اضلاع میں موسم تبدیل ہو گیا۔ راجدھانی بھوپال میں بھی رات تقریباً 9 بجے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی اور دیر رات تک رم جھم بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے۔ ٹیکم گڑھ کے ماؤ گھاٹ میں بھی شام کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ یہاں مٹر کے برابر اولے بھی گرے ہیں۔ ودیشا اور رائسین میں بھی بارش درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے برہان پور، کھنڈوا، ہردا، ودیشا، رائسین اور بڑوانی میں آسمانی بجلی، گرج چمک اور تیز طوفان کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی رات کو بھوپال، اندور، دیواس، ساگر، شاجاپور، سیہور، راج گڑھ، دھار اور ہردا میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مانسون کے 14 یا 15 جون کو مدھیہ پردیش میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
موسم سینٹر کے مطابق بدھ سے مانسون کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ اب یہ آگے بڑھے گا۔امکان ہے کہ مانسون مشرقی ایم پی کی جانب سے داخل ہوگا۔ یعنی منڈلا، سیونی، ڈنڈوری، بالاگھاٹ، انوپ پور میں سب سے زیادہ بارش ہوگی۔ مانسون اپنے داخلے کے اگلے 5-6 دنوں میں، یعنی 20 جون تک پورے مدھیہ پردیش میں پھیل جائے گا۔ پچھلے سال مانسون 21 جون کو ایم پی میں داخل ہوا تھا۔ اس حوالے سے اس بار مان سون کے 5 سے 6 دن پہلے آنے کا امکان ہے۔اس سے قبل بدھ کو بھی ریاست میں گرمی کا اثر دیکھا گیا تھا۔ گوالیار سمیت 6 شہر ایسے تھے جہاں پارہ 44 ڈگری یا اس سے زیادہ تک پہنچ گیا۔
سب سے زیادہ گرم مقام چھتر پور ضلع کا نوگاؤں تھا۔ یہاں درجہ حرارت 44.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ گنا میں 44.5 ڈگری، گوالیار-شاجاپور میں 44.2 اور شیو پوری-ٹیکم گڑھ میں 44 ڈگری رہا۔بڑے شہروں میںرا جدھانی بھوپال میں 42.6 ڈگری، اندور میں 41.6 ، اجین میں 42.8 اور جبل پور میں 40.6 ڈگری درج کیا گیا۔ اسی طرح کھجوراہو (چھترپور) میں 43.6 ڈگری، نرمداپورم میں 43.5، نرسنگھ پور میں 43.2 ، ساگر میں 42.6 ، دموہ میں 42.5 ، ستنا میں 42.4، دھار میں 42.3 ڈگری ، رتلام میں 41.6 ، امر یا میں 41.5 اور کھرگون میں پارہ 40.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 12 جون کو بھی ایسا ہی موسم رہے گا۔ گوالیار، چمبل، اجین اور ساگر ڈویڑن کے اضلاع میں گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارشوں کا موسم 13 جون سے دوبارہ شروع ہوگا۔ تاہم گرمی کا اثر ان اضلاع میں برقرار رہے گا جہاں بارش نہیں ہوگی۔