کابل، 18 اکتوبر (یو این آئی) افغانستان نے سرحد پار سے ہونے والے ایک حملے میں تین مقامی کرکٹرز کی ہلاکت کے بعد اگلے ماہ پاکستان میں منعقد ہونے والی سہ فریقی کرکٹ سیریز میں حصلہ نہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس” پر ایک بیان میں کہا کہ اس حملے میں کئی جانیں ضائع ہوئیں، جن میں تین مقامی کرکٹرز بھی شامل تھے۔ یہ کھلاڑی پکتیکا صوبے کے دارالحکومت شارنہ میں ایک دوستانہ میچ کھیلنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس جارہے تھے۔ بیان میں کہا گیا، اے سی بی اس واقعے کو افغانستان کی کھیل برادری، اس کے ایتھلیٹس اور کرکٹ کے لیے ایک بڑا نقصان سمجھتا ہے۔ بورڈ نے مزید کہا کہ متاثرین کے احترام میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ افغانستان ٹیم آئندہ سہ فریقی سیریز سے اپنا نام واپس لے رہی ہے۔ پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی یہ بین الاقوامی ٹی-20 سیریز گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے طے کی تھی، جس کے میچ راولپنڈی اور لاہور میں 17 سے 29 نومبر کے دوران کھیلے جانے تھے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان 17 اور 23 نومبر کو دو میچ ہونے تھے۔ یہ سہ فریقی سیریز ایسے وقت میں طے کی گئی تھی جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔