دبئی، 22 جنوری (یو این آئی) افغانستان نے دوسرے بین الاقوامی ٹی-20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو 39 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ صدیق اللہ اٹل اور درویش رسول کی نصف سنچری کی بدولت افغانستان نے چار وکٹوں پر 189 رنز کا مضبوط اسکور بنایا، جس کے بعد مجیب الرحمٰن نے چار وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ آرڈر کو کمزور کر دیا جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو پاور پلے میں ہی دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے سے دھچکا لگا۔ رحمان اللہ گرباز (1) شمر جوزف کا شکار بنے جبکہ ابراہیم زدران (22) جنہوں نے اچھی شروعات کی تھی ان کو میتھیو فورڈے نے بولڈ کر کے دوسرا جھٹکا دیا۔ اس نازک موقع پر اٹل اور رسول کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 115 رنز کی اہم شراکت ہوئی۔
شیمرون ہیٹمائر نے چھکوں کی بارش کر کے کچھ امید جگائی۔ انہوں نے 17 گیندوں میں 46 رنز بناتے ہوئے نور احمد اور محمد نبی کے خلاف جوابی حملہ کیا جبکہ کپتان برینڈن کنگ دوسرے اینڈ سے اننگ کو سنبھالے ہوئے تھے۔ دونوں نے 33 گیندوں میں 68 رنز جوڑ کر ہدف کو دوبارہ پٹری پر لانے کی کوشش کی مگر فضل الحق فاروقی نے اہم موقع پر ہیٹمائر (46) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ اس کے بعد افغانستان نے اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ مجیب الرحمٰن نے واپس آ کر شاندار ہیٹ ٹرک حاصل کی اور 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی۔ راشد خان اور عمرزئی نے بھی بخوبی ساتھ دیا جس کے باعث آخری اوورز میں ویسٹ انڈیز کی وکٹیں لگاتار گرتی رہیں اور پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 150 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔