کابل/دبئی،31 دسمبر(یواین آئی ) افغان کرکٹ بورڈ نے دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے اپنے 15 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اسکواڈ میں جہاں نوجوانوں کا جوش شامل ہے، وہیں تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی نے حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔سلیکشن کمیٹی نے اس بار ‘تجربے’ پر بھروسہ کرتے ہوئے آل راؤنڈر گلبدین نائب اور برق رفتار بولر نوین الحق کو دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ نوین الحق کی واپسی سے افغان بولنگ لائن اپ مزید مہلک ہو گئی ہے، جبکہ گلبدین کی شمولیت سے مڈل آرڈر کو استحکام ملے گا۔جادوئی اسپنر راشد خان اس مہم میں ٹیم کی کمان سنبھالیں گے، جبکہ ان کے نائب کے فرائض ابراہیم زادران انجام دیں گے۔ افغان ٹیم اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 8 فروری کو چنئی کے میدان میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرے گی۔ تاہم، اس سے قبل وہ متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گے۔
افغانستان ٹیم : راشد خان (کپتان)، ابراہیم زادران (نائب کپتان)، رحمان اللہ گرباز، محمد اسحاق، صدیق اللہ اتل، درویش رسولی، شاہد اللہ کمال، عظمت اللہ عمرزئی، گلبدین نائب، محمد نبی، نور احمد، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل حق فاروقی اور عبداللہ احمد زئی ۔ریزروز: اے ایم غضنفر، اعجاز احمد زئی، ضیاءالرحمان شریفی۔