احمد آباد، 19 مارچ (یو این آئی) اڈانی گروپ ملک میں مردوں کے پیشہ ورانہ گولف کی باضابطہ تنظیم پی جی ٹی آئی کے تعاون سے یکم اپریل سے انویٹیشنل گولف چیمپئن شپ کا انعقاد کرے گا۔اڈانی گروپ کا انڈین پروفیشنل گولف کا آغاز کرنا گولف کو زیادہ لوگوں تک پہنچانا، اسے مین اسٹریم اسپورٹ میں شامل کرنا نیز نئے ہندوستانی گولف چیمپئن تیار کرنا اس کا مقصد ہے۔ گریٹر نوئیڈا کے جے پی گرینز گولف اینڈ سپا ریسارٹ میں یکم سے چار اپریل تک منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 1.5 کروڑ روپے ہے۔اس موقع پر اڈانی انٹرپرائز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر پرنو اڈانی نے کہا، ہمیں کپل دیو اور پی جی ٹی آئی کے ساتھ مل کر ہندوستانی پیشہ ورانہ گولف کو آگے لے جانے کاکا موقع ملا ہے۔ ہمارا مقصد ہندوستان سے عالمی سطح کے گولف چیمپئن تیار کرنا ہے۔ ہم اس کو زیادہ قابل رسائی بنانے، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جوڑنے اور کھلاڑیوں کو بہترین ٹریننگ اور کھیلنے کے مواقع دینے کے لئے پرعزم ہیں۔پی جی ٹی آئی کے چیئرمین اور لیجنڈری کرکٹر کپل دیو نے کہا، دنیا کے معروف کاروباری گروپ، اڈانی گروپ کا تعاون پی جی ٹی آئی کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ اس سے ہندوستان میں مزید بہترین گولفرز پیدا ہوں گے، جو بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے دوران شائقین کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھنے آئے گی۔” احمد آباد کے بیلویڈیر گولف اینڈ کنٹری کلب میں 29 مارچ کو ایک پری ٹورنامنٹ ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔