نئی دہلی9مئی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے جمعرات کو ’جیل کا جواب ووٹ سے‘ تحریک کے تحت بائیک ریلی نکال کر عوام کو بیدار کیا۔ بائیک ریلی مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے انڈیا اتحاد کے ’عآپ‘ امیدوار کلدیپ کمار کی قیادت میں لکشمی نگر کے کئی علاقوں سے گزری۔ کلدیپ کمار نے بائیک ریلی کے دوران اپنے حامیوں کے ہمراہ عوامی رابطہ مہم چلائی۔ بائیک ریلی سے قبل انہوں نے بھگت سنگھ کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کی۔ کلدیپ کمار نے کہا، ’’ہم بائیک ریلی، روڈ شو اور ڈور ٹو ڈور کیمپین کے ذریعے عوام کے درمیان پہنچ کر انکا آشیرواد لینے کے لئے نکل رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم ہر ووٹر سے ووٹ دینے کی اپیل کی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’بی جے پی نے دہلی کے لوگوں کے 10 سال برباد کر دئے ہیں اور ان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ اب لوگ اس کا بدلہ لینا چاہتے ہیں۔ اس الیکشن میں وہ اپنے بیٹے اروند کیجریوال کے حق میں ووٹ کریں گے۔‘‘ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ضمانت پر کلدیپ کمار نے کہا کہ بجرنگ بلی کا آشیرواد ان کے ساتھ ہے۔ بھگوان کے گھر دیر ہو سکتی ہے، اندھیر نہیں۔ اوپر والا ان کے ساتھ ہے۔ سچائی اور ایمانداری کی جیت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔ پارٹی کی مہم پر کلدیپ کمار نے کہا کہ ہمارا کام لوگوں کے درمیان جانا اور ان سے ووٹ کی اپیل کرنا ہے۔ سنیتا کیجریوال، بھگونت مان اور ہمارے لیڈر اس میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ ہم سب عوام کے درمیان جا رہے ہیں اور ہر ایک سے ووٹ دینے کی اپیل کر رہے ہیں۔ ہمیں لوگوں کو ملک اور دہلی کے حالات کے بارے میں بتانا ہے۔ ہمیں انہیں بتانا ہے کہ ان کے مقبول وزیر اعلیٰ کو کس طرح ایک سازش کے ذریعے جیل میں ڈالا گیا۔ دہلی کے عوام اروند کیجریوال کے ساتھ ہیں۔ وہ اس کی گرفتاری کا بدلہ لینا چاہتے ہیں۔