ممبئی، 16 مئی (یواین آئی)ہندوستانی ون ڈے ٹیم کے کپتان روہت شرما کے نام پر وانکھیڑے اسٹیڈیم کے ایک اسٹینڈ کا نام رکھا گیا ہے۔ یہ لیول-3 اسٹینڈ ہے، جو اس سے پہلے “دیویچا پویلین” کے نام سے جانا جاتا تھا۔روہت کے والد گرو ناتھ شرما اور والدہ پورنیما شرما نے جمعہ کے روزاس اسٹینڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر روہت شرما کے ساتھ مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار بھی موجود تھے۔حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے روہت شرما کے اعزاز میں وانکھیڑے اسٹیڈیم کے دیویچا پویلین لیول-3 کو اب “روہت شرما اسٹینڈ” کے نام سے جانا جائے گا۔ اس موقع پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔اس موقع پر روہت اپنے خاندان کے ساتھ موجود تھے۔ جذباتی انداز میں روہت شرما نے کہا کہ یہ ایک ناقابل یقین لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں ایسا اعزاز ملے گا۔ اتنے سارے لوگوں کے سامنے یہ عزت پانا ان کے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے۔اس عزت افزائی کے ساتھ ہی روہت شرما اب ان عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جن کے نام پر وانکھیڑے اسٹیڈیم میں اسٹینڈ موجود ہیں، جن میں سچن تندولکر، سنیل گاوسکر، دلیپ وینگسارکر اور وجے مرچنٹ شامل ہیں۔ہندوستان نے روہت کی کپتانی میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 اور چیمپئنز ٹرافی 2025 جیتا ہے۔ اگرچہ وہ ٹی 20 فارمیٹ اور ٹیسٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن ان کی کامیابیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ روہت کی کپتانی میں ہندوستان 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل اور ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہا تھا لیکن دونوں ہی میچوں میں ٹیم انڈیا کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ ممبئی انڈینز کے کپتان کے طور پر بھی وانکھیڑے اسٹیڈیم روہت شرما کے لیے ایک “گھریلو قلعہ” رہا ہے، جہاں انہوں نے 2015 اور 2017 جیسے سال میں اپنی ٹیم کو آئی پی ایل ٹرافی جتوا کر اس میدان کو تاریخی بنا دیا۔
ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں روہت شرما اسٹینڈ” کا افتتاح محض ایک اعزاز نہیں، بلکہ یہ ان کی جدوجہد اور کامیابی کی علامت ہے، جو انہوں نے برسوں کی محنت اور لگن سے حاصل کی۔