ریاض، 16 جنوری (یو این آئی)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے نام سے جدید اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا اور یہ اسٹیڈیم نئے بسائے جانے والے شہر القدیہ کے وسط میں تعیمر کیا جائے گا۔عرب میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کے نام سے قائم کیا جانے والا اسٹیڈیم طویق پہاڑی سلسلے کے اوپر سطح سمندر سے 200 میٹر بلند ہوگا جو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس اور کئی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے 40 منٹ کی دوری پر بنائے جانے والے اس نئے اسٹیڈیم میں کھیلوں کے عالمی مقابلے بھی منعقد ہو سکیں گے اور اس کے علاوہ مختلف قسم کی ایکٹویٹیز کا انعقاد بھی ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت پورے ملک میں صنعتی، سیاحتی، تعلیمی اور سائنسی منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور ان نئے بڑے تفریحی منصوبوں میں سے ایک القدیہ ہے۔القدیہ، ثقافتی اور سیاحتی نیا شہر ہوگا۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے۔ یہ طویق کوہستانی علاقے کے مرکز میں بنایا جا رہا ہے۔ اس کی بدولت صحرا سبزہ زاروں اور روشن مراکز میں بدل جائے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے مسلسل کام ہو رہا ہے۔