بھوپال:05؍فروری:(پریس ریلیز)شبِ برات کے مبارک موقع پر شہر بھر میں عبادت، روشنی اور خدمتِ خلق کا شاندار منظر دیکھنے کو ملا۔ رات بھر عبادت کا پیغام گونجتا رہا۔ گھروں، خانقاہوں اور درگاہوں میں چراغاں کیا گیا اور جگہ جگہ لنگر کا اہتمام رہا۔ مساجد، مدارس اور خانقاہوں میں علما کرام نے بیانات پیش کیے، جن میں شبِ برات کی فضیلت، اہمیت اور اس کی روحانی برکتوں پر روشنی ڈالی گئی۔اسی سلسلے میں منگلواڑا چوراہا پر آل انڈیا مسلم تہوار کمیٹی اور مکرانی سماج کے مشترکہ زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسے میں شہر کے نائب قاضی مفتی علی قدر حسینی صاحب نے مؤثر بیان پیش کرتے ہوئے شبِ برات کے روحانی پیغام، توبہ و استغفار، مغفرت اور امن و بھائی چارے کی اہمیت کو تفصیل سے بیان کیا۔اس موقع پر آل انڈیا مسلم تہوار کمیٹی کے چیئرمین جناب حافظ احمد شاہمیری خرم صاحب نے کہا کہ شبِ برات اللہ تعالیٰ کی رحمت اور مغفرت کی رات ہے، جس میں انسان کو اپنے گناہوں سے توبہ کرکے نیک راہ پر چلنے کا عہد کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سنت کے مطابق آنے والے دن روزہ رکھا جائے گا اور تمام مسلمانوں سے اس کی پابندی کرنے کی اپیل کی۔جلسے میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی شرکت رہی اور ماحول مکمل طور پر روحانی اور پُرامن بنا رہا۔