بھوپال:08؍فروری:مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، رتلام کے ذریعے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر‘‘کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد 8 فروری 2026 کو گلاب چکر گارڈن ہال، رتلام میں ضلع کوآرڈینیٹر عبدالسلام کھوکر کے تعاون سے کیا گیا۔رتلام میں منعقدہ “سلسلہ اور تلاشِ جوہر” کے لیے مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مدھیہ پردیش کا رتلام ضلع ادبی لحاظ سے ایک ثروت مند شہر ہے۔
یہاں اردو ادب کی بھی ایک زندہ و تابندہ روایت موجود ہے۔ یہاں کے ادبی ماحول کی وجہ سے ہی اردو اکیڈمی کا مشن تلاشِ جوہر” ممکن ہو پاتا ہے، جس کا مقصد نئی صلاحیتوں کی تلاش ہے۔ اور اسی لیے “سلسلہ و تلاشِ جوہر” جیسے پروگرام نئی صلاحیتوں کو پلیٹ فارم دینے اور سینئر و نو وارد تخلیق کاروں کے درمیان تخلیقی مکالمے کو مضبوط بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی ایسی ادبی کوششوں کی مسلسل حوصلہ افزائی کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔
رتلام ضلع کے کوآرڈینیٹر عبدالسلام کھوکر نے بتایا کہ ادبی و شعری نشست دو اجلاس پر مبنی تھی ۔ پہلے اجلاس میں دوپہر 2:00 بجے تلاش جوہر منعقد ہوا جس میں ضلع کے نئےتخلیق کاروں نے فی البدیہہ مقابلے میں حصہ لیا۔ حکم صاحبان کے طور پر رتلام کے استاد شاعر فیض رتلامی اور کھنڈوہ کے سینیئر شاعر ہارون فراق موجود تھے جنہوں نے نئے تخلیق کاروں کو شعر کہنے کے لیے دو طرحی مصرعے دیے۔
دیے گئے مصرعوں پر نئےتخلیق کاوں کے ذریعے کہی گئی غزلوں اور ان کی پیشکش کی بنیاد پر… نے پہلا، نے دوسرا، اور نے تیسرا مقام حاصل کیا۔پہلا، دوسرا، اور تیسرا مقام حاصل کرنے والے تینوں فاتحین کو اردو اکیڈمی کی طرف سے بالترتیب 3000/-، 2000/-، اور 1000/- روپے کی انعامی رقم اور سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔
دوسرے اجلاس میں شام 4:00 بجے سلسلہ کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد ہوا جس کی صدارت استاد شاعر شباب گلشن آبادی نے کی۔ وہیں مہمان خصوصی کے طور پر ہارون فراق اور مہمانان ذی وقار کے طور پر شبیر راہی، فیض رتلامی اور بھوپیندر قیاس اسٹیج پر جلوہ افروز رہے۔ اس موقع پر فیض رتلامی نے رتلام میں اردو شاعری کے معاصر منظرنامے کے حوالے سے گفتگو کی۔
شعری نشست میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان کے نام اور اشعار درج ذیل ہیں :
ظہورِ ذات میں جب بھی جلال آئے گا
فروغِ روح کی خاطر جمال آئے گا
شباب گلشن آبادی
گردشِ وقت سے ڈر جائیں یہ ممکن ہی نہیں
ہم کو حالات بدلنے کے ہنر آتے ہیں
شبیر راہی
لگتا ہے ہم کو پیار تکلم خدا قسم
جی چاہتا ہے کرتے رہیں بات آپ سے
فیض رتلامی
بیوی بچوں کا تقاضا بھی ضروری ہے مگر
بوڑھے ماں باپ کو تنہا نہیں چھوڑا کرتے
ہارون فراق
دل میں تمہارے تھوڑی کسک چھوڑ جائیں گے
جو کچھ لکھا ہے، اس کی چمک چھوڑ جائیں گے
خوشبو مہکتی جائے چمن میں سدا سدا
ہر سمت پھول جیسی مہک چھوڑ جائیں گے
کھوکر رتلامی
لفظ سارے دعا پہ رکھتا ہوں
اور توبہ خطا پہ رکھتا ہوں
کچھ ضرورت نہیں سفارش کی
بس بھروسہ خدا پہ رکھتا ہوں
ڈاکٹر فرید شیخ
وہ پریشان ہے اشک آنے سے
عشق چھپتا نہیں چھپانے سے
شاداب رتلامی
میسر ہی نہیں دیدار اس دیوار کو تیرا
لگائی ہے تیری تصویر جس دیوار پر میں نے
میڈی کرسٹی
پروگرام کی نظامت کے فرائض عبدالسلام کھوکر نے بحسن خوبی انجام دیے۔پروگرام کے آخر میں انھوں نے تمام مہمانوں، تخلیق کاروں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔