بھوپال 22نومبر:مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، بالاگھاٹ کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد 22 نومبر، 2025 کو گورنمنٹ جٹاشنکر ترویدی کالج، بالاگھاٹ میں ضلع کوآرڈینیٹر اشوک سنہاسنے کے تعاون سے کیا گیا۔
بالاگھاٹ میں منعقدہ “سلسلہ” کے لیے مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام ضلع بالاگھاٹ میں منعقدہ پروگرام ’’سلسلہ‘‘ اردو ادب کی روایات کو سمجھنے، انہیں آگے بڑھانے اور وہاں کے ادبا و شعرا کو اسٹیج فراہم کرنے کی ایک بامقصد اور کارآمد کوشش ہے۔ امید ہے کہ اس پروگرام سے بالاگھاٹ اور آس پاس کے علاقوں میں اردو ادب کے تئیں دلچسپی مزید گہرائی کے ساتھ پروان چڑھے گی۔
بالاگھاٹ ضلع کے کوآرڈینیٹر اشوک سنہاسنے نے بتایا کہ سلسلہ کے تحت دوپہر 2:30 بجے ادبی و شعری نشست کا انعقاد ہوا جس کی صدارت بالاگھاٹ کے سینئر شاعر ڈاکٹر ستیش چلے نے کی۔ وہیں مہمان خصوصی کے طور پر پروفیسر اشوک مراٹھے اور مہمانان ذی وقار کے طور پر ذوالفقار علی سیفی، شیل دوبے اور الکا چودھری اسٹیج پر جلوہ افروز رہے ۔ اس موقع پر سینئر شاعر جبرائیل قریشی شاداب نے اردو شاعری کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔
شعری نشست میں جو اشعار پسند کیے گئے وہ درج ذیل ہیں :
توڑ کر حدوں کو وہ جانور بنا کیسے
جو شمار ہوتا تھا کل تلک فرشتوں میں
کرشن کمار مشرا ’سبودھ‘
پیار، الفت، محبت رہے دوستوں
تاقیامت یہ چاہت رہے دوستوں
ہم رہیں نہ رہیں یہ الگ بات ہے
دیش اپنا سلامت رہے دوستوں
ساجد خیرو
لوں جھپک میں پلک چھل نہ جائے ڈگر
آنکھ پتھرا گئی تکتے تکتے سجن
اجے کمار جین
وقت کا امتحان ہے دیکھو
چڑچڑا آسمان ہے دیکھو
کرشن کمار بھالادھرے
وہ مرے کچے گھروندے مجھے واپس کر دے
وہ ہوادار دریچے مجھے واپس کر دے
خوب رو رو کے صدا دی ہے شجر نے اک دن
میرے سائے وہ پرندے مجھے واپس کر دے
ڈاکٹر کشور سونوانے ’انیس‘
دھڑکنوں کا ہے اپنا بیاں زندگی
رہ کے الجھن میں بھی ہے رواں زندگی
بات دل میں جو تھی کہتے کہتے رہی
درد رکھنا پڑا یوں نہاں زندگی
پریتی برکھا کامبلے
اپنے ہاتھوں کو اٹھا رب سے دعا ہو جائے
زندگی سے غموں کا وقت ہوا ہو جائے
الکا چودھری
پروگرام کی نظامت کے فرائض جبرائیل قریشی نے بحسن خوبی انجام دیے۔پروگرام کے آخر میں ضلع کوآرڈینیٹر اشوک سنہاسنے نے تمام مہمانوں، تخلیق کاروں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔









