بھوپال کے ادیب اور فارسی زبان کے ماہر پروفیسر عبدالمجید کی رحلت پر مدھیہ پردیش اردو اکادمی میں تعزیتی نشست کا انعقاد

0
9

بھوپال، 6 جولائی: بھوپال سے تعلق رکھنے والے بزرگ ادیب اور فارسی زبان کے ماہر پروفیسر عبدالمجید گذشتہ کل بتاریخ 6 اگست 2024 کو رضائے الٰہی سے وفات پاگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر بھوپال کے ادبی حلقوں میں غم کا ماحول ہے۔ مدھیہ پردیش اردو اکادمی میں آج دو پہر تین بجے دن ایک تعزیتی نشست ہوئی جس میں ڈاکٹر نصرت مہدی، ڈائریکٹر، مدھیہ پردیش اردو اکادمی اور اکادمی کا اسٹاف شریک ہوا۔ ڈاکٹر نصرت مہدی نے اظہار خیال فرماتے ہوئے کہا کہ پروفیسر عبدالمجید صاحب نہایت ہی خوش اخلاق اور منکسرالمزاج شخصیت کے مالک تھے۔ وہ فارسی زبان کے ماہر تھے اور 1952 میں ان کا محکمہ تعلیم میں تقرر ہوا تھا اور 1991 میں وہ گورنمنٹ ایم ایل بی گرلز کالج، بھوپال سے بحیثیت پروفیسر سبکدوش ہوئے۔انھوں نے فارسی ادبیات سے متعلق مقالات کا ترجمہ کرکے اور اس میں اردو ادب سے متعلق چند مقالات کو شامل کرکے ایک کتاب “منتخب مقالات” کے نام سے مرتب کی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے چلائے جارہے فارسی ڈپلومہ کورس میں بھی بحیثیت استاد اپنی خدمات انجام دیں۔ مدھیہ پردیش اردو اکادمی نے ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انھیں سال 17-2016 کے “نواب صدیق حسن خاں صوبائی اعزاز” سے نوازا تھا۔ ان کے جانے سے بھوپال میں خصوصاً فارسی ادب کے حوالے سے ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جس کی بھرپائی بہت مشکل ہے۔