ایڈیلیڈ، 21 فروری (یو این آئی) اسمرتی مندھانا (82) اور جمائمہ روڈریگز (59) کی جارحانہ ببلے بازی کے بعد شری چرنی (تین وکٹیں)، شرینکا پاٹل اور اروندھتی ریڈی (دو دو وکٹیں) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان کی خواتین ٹیم نے ہفتہ کو کھیلے گئے تیسرے ٹی-20 مقابلے میں آسٹریلیا کو 17 رن سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ اسمرتی مندھانا کو ان کی بہترین کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری آسٹریلیائی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور اس نے محض 32 رنز پر اپنے تین اہم وکٹیں گنوا دیں۔ جارجیا وول (10)، بیتھ مونی (6) اور ایلس پیری (1) جلد پویلین لوٹ گئیں۔ مشکل صورتحال میں ایشلے گارڈنر نے فیبی لیچفیلڈ کے ساتھ اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 31 رنز کی شراکت قائم ہوئی، تاہم نویں اوور میں سری چرنی نے فیبی لیچفیلڈ کو 24 رنز پر آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑ دی۔
13ویں اوور میں اروندھتی ریڈی نے جارجیا وئیرہم (12) کو آؤٹ کیا۔ 16ویں اوور میں ریڈی نے نصف سنچری مکمل کر چکی ایشلے گارڈنر کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ کا رخ واضح کر دیا۔ گارڈنر نے 45 گیندوں پر پانچ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 57 رنز بنائے۔ گریس ہیرس (1) اور کپتان سوفی مولینو (6) بھی سری چرنی کا نشانہ بنیں۔ 18ویں اوور میں شریینکا پاٹل نے اینابیل سدرلینڈ (14) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو نواں جھٹکا دیا۔ ہندوستانی گیندبازی کے منظم حملے کے سامنے آسٹریلیا مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بنا سکا اور یوں اسے 17 رنز سے شکست ہوئی۔ہندوستان کی جانب سے سری چرنی نے تین، شریینکا پاٹل اور اروندھتی ریڈی نے دو، دو جبکہ رینوکا سنگھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلہ بازی کا فیصلہ کیا۔ آغاز میں کم گارتھ نے تیسرے اوور میں شیفالی ورما (7) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد جمیمہ روڈریگز نے اسمرتی مندھانا کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور تیز رفتاری سے رنز اسکور کیے۔ دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 121 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو ہندوستانی خواتین ٹیم کی جانب سے ٹی۔20 تاریخ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل متھالی راج اور پوجا راوت کے درمیان 98 رنز کی شراکت ریکارڈ تھی۔
17ویں اوور میں اینابیل سدرلینڈ نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کر کے اس شاندار شراکت کا خاتمہ کیا۔ مندھانا نے 55 گیندوں پر آٹھ چوکے اور تین چھکے لگا کر 82 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ 19ویں اوور میں سوفی مولینو نے رچا گھوش (18) کو آؤٹ کیا، جبکہ 20ویں اوور کی تیسری گیند پر اینابیل سدرلینڈ نے جمیمہ روڈریگز کو پویلین بھیج دیا۔ روڈریگز نے 46 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔ اگلی ہی گیند پر امن جوت کور (1) رن آؤٹ ہو گئیں۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اینابیل سدرلینڈ نے دو جبکہ سوفی مولینو اور کم گارتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔









