جے پور، 16 جنوری (یو این آئی) موجودہ چمپئن جے پور پنک پینتھرس نے ارجن دیشوال اور وی اجیت کمار کے شاندار کھیل کی بدولت پرو کبڈی لیگ کے 10ویں سیزن کے 74ویں میچ میں یو ممبا کو31-29 سے شکست دے کر اپنے ہوم لیگ میں مسلسل تیسری جیت درج کی۔سوائیمان سنگھ اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں 13 میچوں میں نویں جیت کے ساتھ ہی جے پور پنک پینتھرس 53 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں پہلے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ ارجن دیشوال نے 11 اور اجیت کمار نے سات پوائنٹس لیے۔یو ممبا کی جانب سے گمان سنگھ نے سپر 10 لگایا۔ یو ممبا کو 12 میچوں میں پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ٹیم 36 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔میچ کی پہلی ریڈ یو ممبا کے گمان سنگھ نے سپر ریڈ کے ساتھ کی اور ٹیم نے پہلے پانچ منٹ کے کھیل میں ایک پوائنٹ کی برتری برقرار رکھی۔ گمان کی اچھی کارکردگی کی بدولت ممبا کی ٹیم ابتدائی 10 منٹ میں تین پوائنٹس سے آگے رہی۔ لیکن جے پور پنک پینتھرس نے بھی مسلسل پوائنٹس بنا کر خود کو مقابلے میں برقرار رکھا۔عامر محمد ظفردانش نے سپر ریڈ لگاکر یو ممبا کو 15 ویں منٹ میں چار پوائنٹس کی برتری دلائی۔ اس کے ساتھ ہی ممبا کا اسکور 12-8 ہو گیا۔ یو ممبا کی ٹیم ہاف ٹائم تک 14-13 سے آگے تھی۔ پہلے ہاف میں ارجن کے کھاتے میں چھ پوائنٹس اور گمان کے کھاتے میں چار پوائنٹس آئے۔