یوم پیدائش 10 اکتوبر
نئی دہلی، 9 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی خاتون کھلاڑیوں نے ہمیشہ سے ہی کھیلوں کے شعبے میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ایک دور ایسا بھی گذرا ہے جب کھیلوں کی دنیا پر صرف مردوں کا راج ہوا کرتا تھا۔اس دور میں کوئی خاتون کھلاڑی کسی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکتی تھی۔ لیکن وقت گذرنے کے ساتھ ہندستانی خاتون کھلاڑیوں نے ملک میں یا بین الاقوامی ممالک میں منعقد ہونے والے زیادہ تر کھیلوں میں اپنی شرکت کو یقینی بناکر اور تمغہ لاکر یہ ثابت کردیا کہ ملک کی بیٹیاں بھی مردوں کے ساتھ ساتھ اپنے وطن کا نام روشن کرسکتی ہیں۔ فوزیہ خلیلی بھی اپنے وطن کا نام روشن کرنے والی ایک ہندستانی بیٹی ہے جس نے کرکٹ کے میدان میں ہندستان کو وکٹ کیپنگ کے شعبے میں نام کمایا۔ فوزیہ خلیلی کی پیدائش10 اکتوبر کو1958ء کو ہندستانی ریاست چنئی میں ہوئی۔ فوزیہ نے بہت کم عمر میں کرکٹ کھیلنا شروع کردیا تھا۔ اسکول کے میدان سے انہوں نے ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم تک کا شاندار سفر طے کیا۔انہیں بچپن میں کرکٹ بہت پسند تھی۔ حالانکہ انہیں دوسرے کھیل بھی پسند تھے لیکن انہوں نے اپنی زور آزمائی صرف کرکٹ پر ہی صرف کی۔ اس سلسلہ میں ان کے گھر والوں نے بھی ان کا بہت ساتھ دیا۔ حالانکہ اس زمانے میں کرکٹ سے متعلق جدید سامان مہیا نہیں تھا۔ لیکن پھر بھی انہوں نے اس سب کی پرواہ کئے بغیر اپنی وکٹ کیپنگ پر توجہ مرکوز رکھی اور ایک ٹیم میں ایک بہترین وکٹ کیپرکے طور پر جگہ بنائی۔
فوزیہ ایک سابقہ ہندستانی ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑی ہیں جو ہندستانی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے بین الاقوامی کرکٹ اور تمل ناڈو کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتی تھی۔ انہوں نے 8 ٹیسٹ میچ اور 13 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے۔بطور وکٹ کیپر کسی بھی خواتین کرکٹ عالمی کپ میں انہوں نے سب سے زیادہ (20) کھلاڑی کو آؤٹ کرائے ۔
فوزیہ خلیلی نے 1976اور 1977ء کے درمیان ہندستان کے لئے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، اس دوران میں انہوں نے کل 8 ٹیسٹ میچ کھیلے، ان کا پہلا ٹیسٹ میچ 31 اکتوبر 1976ء کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تھا اور فوزیہ نے اپنا آخری ٹیسٹ 15 جنوری 1977ء کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ جب کہ 1978–1982ء تک فوزیہ خلیلی نے ایک روزہ بین لااقوامی کرکٹ کھیلی ۔اس دوران انہوں نے صرف 13 میچ کھیلے، ان کا پہلا میچ یکم جنوری 1978ء کو انگلینڈ کے خلاف اور آخری ایک روزہ 6 فروری 1982ء کو انٹرنیشنل 11 کے خلاف تھا۔ فوزیہ خلیلی نے کل 8 ٹیسٹ اور 13 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلے، ٹیسٹ میں 347 اور ایک روزہ میں 258 رنز بنا سکیں۔ فوزیہ خلیلی کا ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین اسکور 84 اور ایک روزہ کا 88 رنز رہا۔
فوزیہ نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ سیریز (20) میں بطور وکٹ کیپر سب سے زیادہ آؤٹ کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا
فوزیہ نے 1976میں دورہ کرنے والے ویسٹ انڈیز کے خلاف چھ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کے لیے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔ اسکور بک میں اس کی پہلی انٹری شوبھانگی کلکرنی کی باؤلنگ سے اس کے مخالف نمبر یولینڈے گیڈس ہال کو اسٹمپ کرکے درج کی گئی۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے پہلی اننگز میں 39 جبکہ دوسری اننگز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 19 رنز بنائے۔ یہ وہ ابتدائی پوزیشن تھی جسے فوزیہ اپنے بقیہ کیرئیر کے لیے بہت سنبھال کر رکھا۔