نئی دہلی،9 اکتوبر ( یواین آئی)نئی دہلی میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 86 رنز سے شکست دے دی۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا۔ بھارت نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز ہی بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے نتیش ریڈی نے 34 گیندوں میں 74 رنز بنائے، انہوں نے باؤلنگ میں 2 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ریڈی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ ورون چکرورتی نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمود اللہ نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے۔ دوسرا میچ جیت کر، بھارت نے تیسرے T-20 سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ تیسرا میچ 12 اکتوبر کو حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔قبل ازیں نتیش کمار ریڈی (74) اور رنکو سنگھ (53) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں نو وکٹوں پر 221 رنز کا بڑا اسکور بنا لیا۔
ہندوستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اوپنر سنجو سیمسن 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت ٹیم کا سکور 17 رنز تھا۔ تسکین نے سنجو کو شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ جب ٹیم کے کھاتے میں مزید آٹھ رنز کا اضافہ ہوا تو تنظیم نے دوسرے اوپنر ابھیشیک شرما (15) کو بولڈ کرکے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔
اس کے بعد کپتان سوریہ کمار یادو اور نتیش کمار نے اننگز کو آگے بڑھایا لیکن جلد ہی مستفیض نے سوریہ کمار کو (08) کے ذاتی سکور پر آؤٹ کر دیا۔ چوتھی وکٹ کے لیے نتیش کمار نے رنکو سنگھ کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو 149 رنز تک پہنچایا۔ اس دوران نتیش نے 74 رنز کی اپنی اننگز میں چار چوکے اور سات چھکے لگائے۔ ان کا ساتھ دینے والے رنکو سنگھ نے بھی اپنی نصف سنچری اننگز (53) میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔نتیش کمار مستفیض الرحمٰن کے ہاتھوں معراج کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ رنکو سنگھ کو تسکین کی وکٹ ملی،بعد میں ہاردک پانڈیا نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ ریان پراگ نے 15 اورعرشدیپ نے سات رنز بنائے۔ واشنگٹن سندر صفر اور مینک یادو ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد، تنظیم حسن ثاقب اور مستفیض الرحمٰن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔