نئی دہلی، 05 اکتوبر (یواین آئی) ہریانہ اور جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے مختلف ایجنسیوں کے ایگزٹ پول میں کانگریس کو ہریانہ میں واضح اکثریت ملتی نظر آرہی ہے، وہیں جموں و کشمیر میں کانگریس اتحاد کو سب سے زیادہ سیٹیں ملتی نظر آرہی ہیں لیکن وہ اکثریتی اعداد و شمار سے بہت دور ہے، اس لیے وہاں گٹھ بندھن کی سرکاربننے کا امکان نظرآرہا ہے۔ ہریانہ کی 90 سیٹوں کے اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول میں تمام ایجنسیوں نے دس سال بعد کانگریس کی اقتدار میں واپسی کی پیش گوئی کی ہے۔ ان تمام پول میں بھارتیہ جنتا پارٹی اکثریت سے بہت دور بتائی جارہی ہے۔ دھرو ریسرچ نے کانگریس کو 50 سے 64 سیٹیں، بی جے پی کو 22 سے 32، دیگر کو دو سے آٹھ اورعام آدمی پارٹی کو صفر سیٹ دی ہے۔ پیپلز پلس ایگزٹ پول کے مطابق کانگریس کو 49 سے 61 سیٹیں مل رہی ہیں، بی جے پی کو 20 سے 32 سیٹیں، دیگر کو تین سے پانچ سیٹیں مل رہی ہیں اور عام آدمی پارٹی کو صفر سیٹیں مل رہی ہیں۔ ریپبلک بھارت میٹیز پول میں کانگریس کو 55 سے 62 سیٹیں، بی جے پی کو 18 سے 24 سیٹیں، آئی این ایل ڈی کو تین سے چھ سیٹیں اور جے جے پی کو صفر سے تین سیٹیں دی ہیں۔
روزنامہ بھاسکر کے پول نے پیش گوئی کی ہے کہ کانگریس کو 44 سے 54 سیٹیں ملیں گی، بی جے پی کو 15 سے 29 سیٹیں ، آئی این ایل ڈی کو ایک سے پانچ اور جے جے پی کو ایک سیٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کی 90 نشستوں کے ایگزٹ پولز میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوتی نظر آرہی ہے اور مرکز کے زیر انتظام ریاست میں گٹھ بندھن کی سرکار بنتی نظرآ رہی ہے۔ تمام ایگزٹ پولز نے کانگریس اور نیشنل کانفرنس اتحاد کو سب سے آگے دکھایا ہے، لیکن یہ واضح اکثریت سے دور دکھائی دے رہی ہے۔ کچھ پولس نے کانگریس اتحاد کو واضح اکثریت حاصل کرتے ہوئے بھی دکھایا ہے۔ بیشتر ایگزٹ پولز میں بی جے پی کو اپنے بل بوتے پر 30 کے قریب سیٹیں ملتی نظر آرہی ہیں۔
جموں و کشمیر میں پیپلز پلس نے پیش گوئی کی ہے کہ کانگریس اتحاد کو 46 سے 50، بی جے پی کو 23 سے 27، پی ڈی پی کو سات سے 11 اور دیگر کو چار سے چھ نشستیں ملیں گی۔ روزنامہ بھاسکر کے سروے میں کانگریس اتحاد کو 35 سے 40 سیٹیں، بی جے پی کو 20 سے 25، پی ڈی پی کو چار سے سات اور دیگر کو 12 سے 16 سیٹیں مل رہی ہیں۔ انڈیا ٹوڈے اور سی ووٹر نے کانگریس اتحاد کو 40 سے 48 سیٹیں، بی جے پی کو 27 سے 32، پی ڈی پی کو 6 سے 12 اور دیگر کو 6 سے 11 سیٹیں ملنے کی بات کہی گئی ہے۔