دہلی پولس کا ‘تغلقی فرمان کو واپس لینا عوام کی جیت: عآپ

0
2

نئی دہلی، 03 اکتوبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سینئر لیڈر اور دہلی کے کابینہ وزیر سوربھ بھاردواج نے جمعرات کے روز عوامی اجتماعات پر دہلی پولیس کی پابندی ہٹائے جانے کو لوگوں کی بڑی فتح قرار دیا۔مسٹر بھاردواج نے آج بتایا کہ اس حکم کے خلاف لوگوں کے غصے کو دیکھتے ہوئے کالکاجی مندر کے پجاری نے اس معاملے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے مرکزی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے دہلی پولس کے حکم کو واپس لینے کا اعلان کیا۔انہوں نے اسے دہلی کے لوگوں کی بڑی جیت اور لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی بڑی شکست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے “آمرانہ” احکامات ہندوستان جیسے خودمختار، جمہوری ملک میں نہیں چل سکتے۔ “یہ لیفٹیننٹ گورنر کے لیے شرمناک شکست ہے، جو دہلی کے لوگوں پر مسلط کیے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت اور اس کے وکلاء کو معلوم تھا کہ خودمختار، آزاد ملک میں اس طرح کے مضحکہ خیز احکامات کو نافذ نہیں کیا جا سکتا ہے۔” انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ پورے شہر میں کرفیو لگا دیں، اگر کوئی مسئلہ ہے تو اس کا حل نکالیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دہلی کے لوگوں اور خاص طور پر ہندو عقیدت مندوں کے لیے فتح کا لمحہ ہے، جو اس بات سے پریشان تھے کہ وہ اپنے مذہبی تہوار کیسے منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکم نامے کو واپس لینا عوام کی آواز کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔