کانپور، 28 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ہفتہ کو بارش کی بھینٹ چڑھ گیا۔ بارش اور خراب موسم کی وجہ سے پہلے دن صرف 35 اوورز کرائے جا سکے جس میں بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔ کل رات سے وقفے وقفے سے جاری بارش آج صبح 11 بجے کے قریب تھم گئی تھی، حالانکہ وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش نے کور کو ہٹانے نہیں دیا۔ آن فیلڈ امپائرز نے دوپہر 2 بجے آخری بار گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور پچ کیوریٹر سے بات کرنے کے بعد دن کا کھیل منسوخ کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں وقت پر گراؤنڈ پہنچ چکی تھیں لیکن انہیں ڈریسنگ روم سے باہر آنے کا موقع بھی نہیں ملا جس کی وجہ سے دونوں ٹیمیں مایوس ہو کر 1130 بجے کے قریب ہوٹل واپس لوٹ گئیں۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کی صبح بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔