گال :28؍ستمبر:نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن فالو آن کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے ہیں۔ ٹیم ابھی بھی سری لنکا سے 315 رنز پیچھے ہے۔ آج کی اسٹمپنگ خراب روشنی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ٹام بلنڈل 47 اور گلین فلپس 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے نشان پیرس نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہفتہ کو نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 88 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
گال میں جاری میچ میں نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور 22/2 سے کھیلنا شروع کیا۔ لیفٹ آرم اسپنر پربت جے سوریا نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کے صرف 3 بلے باز ہی دوہرے ہندسے کو چھو سکے۔ اس سے قبل سری لنکا نے پہلی اننگز 602/2 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ جس کی بنیاد پر ٹیم کو 514 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ اس کے بعد کپتان ڈی سلوا نے نیوزی لینڈ کو فالو آن دیا۔نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز خراب رہا۔ ٹیم کی پہلی وکٹ صفر کے اسکور پر گری۔ اس کے بعد کونوے نے تیز بیٹنگ کرتے ہوئے 62 گیندوں میں 61 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کین ولیمسن نے 46 رنز بنائے۔
دونوں نے مل کر تیسری وکٹ کے لیے 108 گیندوں پر 97 رنز جوڑے۔ اس کے بعد کریز پر موجود ٹام بلنڈل اور گلین فلپس نے چھٹی وکٹ کے لیے 84 گیندوں پر 78 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے نشان پیرس نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ کپتان ڈی سلوا اور پربت جے سوریا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔