کانپور ٹیسٹ : پہلے دن بنگلہ دیش نے تین وکٹ پر 107رن بنائے بارش کے سبب صرف 35 اوورز کرائے گئے، آکاش دیپ کودووکٹ ملے

0
2

کانپور:27؍ستمبر:بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنا لیے ہیں۔ جمعہ کو میچ کے پہلے دن کانپور میں تیز بارش کی وجہ سے کھیل جلد ختم کر دیا گیا۔ صرف 35 اوورز کا کھیل ہو سکا۔ عام طور پر ایک دن میں 90 اوورز کرائے جاتے ہیں۔دوسرے سیشن کے دوران خراب روشنی کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔ پھر کچھ دیر بعد بارش بھی شروع ہو گئی۔ اس کے بعدا سٹمپ کیے گئے۔ مومن الحق 40 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ اور مشفق الرحیم 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ رہے۔بھارت کو دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ گرین پارک اسٹیڈیم میں ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیشی کپتان نظم الحسین شانتو 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہیں روی چندرن اشون نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ انہوں نے شانتو اور مومنول کی پچاس پارٹنرشپ کو توڑا۔ اس سے قبل آکاش دیپ نے شادمان اسلام (24 رنز) اور ذاکر حسن (0) کو آؤٹ کیا۔دونوں ٹیمیں اس طرح ہیں۔ ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، یشسوی جیسوال، شبمن گل، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، رشبھ پنت، رویندرا جدیجا، روی چندرن اشون، محمد سراج، آکاش دیپ اور جسپریت بمراہ۔
بنگلہ دیش: نظم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن معراج، تیج الاسلام، حسن محمود اور خالد احمد۔
کانپور ٹیسٹ کے دوران بنگلہ دیشی مداح بیہوش
کانپور، 27 ستمبر (یو این آئی) کانپور میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعہ کو گرین پارک اسٹیڈیم کمپلیکس میں کھیل کے دوران اس وقت افراتفری مچ گئی جب بنگلہ دیشی ٹیم کا ایک مداح سڑک پر بے ہوش ہو کر گر گیا۔اسسٹنٹ پولیس کمشنر ابھیشیک کمار پانڈے نے بتایا کہ ٹائیگر نامی بنگلہ دیشی شہری آج اسٹیڈیم کمپلیکس کے گیٹ نمبر سات کے قریب بے ہوش ہو کر گر گیا، جسے فوری طور پر اٹھا کر میڈیا گیلری لایا گیا اور ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ کرکٹ شائق کے بے ہوش ہونے کی وجہ امس بھری گرمی بتائی جا رہی ہے۔ ان کی حالت اب ٹھیک ہے لیکن احتیاط کے طور پر ان کی مدد کے لیے ایک کارکن کو مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے بنگلہ دیشی مداح کے ساتھ مارپیٹ کے واقعے کو محض افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب بالکل ٹھیک ہیں۔اس سے قبل کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ میڈیا گیلری کے باہر سڑک پر ٹائیگر کی پوشاک میں ایک ایک نوجوان کے ساتھ کھیلوں کے مقامی شائقین نے مار پیٹ کی۔ الزام ہے کہ بنگلہ دیشی شہری اپنی ٹیم کا خوش بڑھانے کے ساتھ ہندوستانی فاسٹ بالر محمد سراج کو گالی دے رہا تھا جس کی وہاں بیٹھے کچھ مقامی نوجوانوں نے مخالفت کی تھی۔