راج ناتھ نے جے پور میں نئے سینک اسکول کا افتتاح کیا

0
2

نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) نجی شعبے کے ساتھ اشتراک میں ملک بھر میں 100 نئے سینک اسکول قائم کرنے کے حکومت کے وژن کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج راجستھان کی راجدھانی جے پور میں سینک اسکول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ وزارت نے ریاستی حکومتوں، این جی اوز اور نجی اسکولوں کے ساتھ مل کر ان 100 اسکولوں میں سے 45 کو منظوری دی ہے اور ان میں سے چالیس اسکولوں نے کام کرنا شروع کردیا ہے۔ سینک اسکول جے پور ان 40 اسکولوں میں سے ایک ہے۔ وزیر دفاع نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ اسکول ریاست کے محب وطن نوجوانوں کے لیے ایک اعزاز ثابت ہوگا کیونکہ انہیں مسلح افواج میں شامل ہونے اور قوم کی خدمت کرنے کے لیے مناسب رہنمائی اور ضروری بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا راجستھان مہارانا پرتاپ، پرتھوی راج چوہان، مہاراج سورجمل اور سوائی جئے سنگھ جیسے جنگجوؤں کی سرزمین ہے۔ یہ نوجوان نسل کے لیے فوج میں بھرتی ہونے کی ترغیب ہیں۔ یہ نیا سینک اسکول انہیں اپنے مادر وطن کی خدمت کرنے کی سمت فراہم کرے گا۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ پی پی پی ماڈل کو عام طور پر ‘پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے طور پر سمجھا جاتا ہے، لیکن یہ تعاون اب اس کی معیاری تعریف سے ہٹ رہا ہے، اور اب اسے ‘پرائیویٹ-پبلک پارٹنرشپ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔