نئی دہلی، 20 ستمبر (یو این آئی) راجستھان رائلز (آر آر) نے ہندوستانی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور کو اپنی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔راٹھوڑ نے ہندوستان کے لیے چھ ٹیسٹ اور سات ون ڈے کھیلے۔ وہ 2019 میں ہندوستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ بنے۔ ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے سے قبل وہ قومی سلیکٹر کا کردار بھی ادا کر چکے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں وہ پنجاب اور ہماچل کی ٹیموں کے کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ آر آر میں شامل ہونے پر راٹھوڑ نے کہاکہ”یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں رائلز خاندان کا حصہ ہوں۔ میں راہل کے ساتھ دوبارہ کام کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں سے جڑنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ میں ٹیم کاز میں حصہ ڈالنے اور رائلز کے لیے عالمی معیار کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا منتظر ہوں۔ راٹھور کا خیرمقدم کرتے ہوئے راہل ڈراوڑ، جنہیں حال ہی میں آر آر ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، نے کہاکہ”میں نے وکرم کے ساتھ کئی سالوں سے کام کیا ہے۔ میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ان کی تکنیکی قابلیت، پرسکون طبیعت اور ہندوستانی حالات کی بہتر تفہیم انہیں اس کردار کے لیے بہترین شخص بناتی ہے۔ ہم نے مل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور میں ان کے ساتھ دوبارہ شامل ہونے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کی ان کی قابلیت آر آر کو عالمی معیار کی ٹیم بنانے کے ہمارے مقصد میں مددگار ثابت ہوگی۔