ممتا بنرجی نے وزیراعظم مودی کو لکھا خط، مدد کی درخواست

0
2

کولکاتا20ستمبر:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر صوبے میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا سامنا کرنے کے لیے فوری طور پر مرکزی فنڈ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ اپنے خط میں ممتا بنرجی نے اس سیلاب کو انسانی ساختہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت بہتر منصوبہ بندی اور ڈیم کا انتظام کیا گیا ہوتا ریاست کو اس آفت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں ممتا بنرجی نے کہا، ’’ڈی وی سی (وادی دامودر کارپوریشن) کی ملکیت اور دیکھ بھال والے میتھن اور پنچیت ڈیموں کے مشترکہ نظام سے تقریباً 5 لاکھ کیوسک کی مقدار میں پانی چھوڑا گیا۔ اتنا زیادہ پانی چھوڑنے کی وجہ سے جنوبی بنگال کے تمام اضلاع یعنی مشرقی بردوان، مغربی بردوان، بیربھوم، بانکورا، ہاوڑہ، ہوگلی، مشرقی مدینی پور اور مغربی مدینی پور تباہ کن سیلاب میں ڈوب گئے ہیں، جس سے عوام کو بھاری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈی وی سی ڈیم کے نظام سے اتنی بڑی مقدار میں پانی کبھی نہیں چھوڑا گیا تھا۔‘‘ ممتا بنرجی نے کہا، ’’ریاست اس وقت لوور دامودار اور آس پاس کے علاقوں میں 2009 کے بعد سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کر رہی ہے۔ میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ آپ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں اور متعلقہ وزارتوں کو ان مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی ہدایت دیں۔‘‘