چنئی، 19 ستمبر (یو این آئی) روی چندرن اشون (ناٹ آؤٹ 102) کی سنچری اننگ، رویندر جڈیجہ (ناٹ آؤٹ 86) اور یشسوی جیسوال (56) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف جمعرات کو پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن چھ وکٹ پر339 رنز بنا کر میچ پر اپنی گرفت بنالی ہے۔آج دن کے کھیل کے اختتام پر اشون (102 ناٹ آؤٹ) اور جڈیجہ (86 ناٹ آؤٹ) رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ یہ اشون کی ٹیسٹ کیریئر میں چھٹی سنچری ہے۔ دونوں ہندوستانی بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 195 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ہندوستان کی لڑکھڑاتی اننگ کو سنبھالا۔ اشون نے بلے سے پھر کمال کرتے ہوئے 112 گیندوں میں 10 چوکے اور دو چھکے لگا کر ناقابل شکست 102 رنز بنائے۔اس سے قبل لنچ کے بعد پھر بنگلہ دیشی گیند باز حسن محمود نے یشسوی جیسوال اور رشبھ پنت کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت کو توڑا۔ انہوں نے پنت کو لٹن کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد ناہید رانا نے یشسوی جیسوال کو شادمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ جب جیسوال-پنت کی جوڑی ٹوٹی تو ایک وقت کے لیے ایسا لگاکہ راہل، جیسوال کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالیں گے، لیکن وہ بھی قدم جمانے کے بعد چلتے بنے۔ رشبھ پنت (39)، یشسوی جیسوال (56) اور کے ایل راہل (16) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔آج یہاں ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی ہندوستانی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور 14 کے اسکور پر کپتان روہت شرما (6) کو حسن محمود نے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد شبمن گل (صفر)، وراٹ کوہلی (6) کو بھی حسن محمود نے آؤٹ کیا۔
ایک وقت 34 کے اسکور پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں پھنسی ٹیم کو یشسوی جیسوال اور رشبھ پنت نے سنبھالنے کی کوشش کی۔ صبح کے سیشن میں لنچ تک ہندوستان نے 23 اوورز میں تین وکٹ پر 88 رن بنائے تھے۔بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے چار اور ناہید رانا اور مہدی حسن میرازنے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔