نئی دہلی 18ستمبر:سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری ایسٹرن پیری فیرل اکسپریس وے کے رکھ رکھاؤ سے سخت ناراض ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں تساہلی برتنے والے افسروں کو اسٹیج پر سے ہی پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ سڑک بہت بنا لیے ہیں، اب خراب کام کرنے والوں کو سسٹم سے باہر کا راستہ دکھانا ہے۔ منگل کو ایسٹرن پیری فیرل اکسپریس وے کے دُہائی انٹرچینج پر منعقد پروگرام میں مرکزی وزیر نے خراب کام کرنے والوں کو لتاڑ لگانے کے ساتھ ہی اچھا کام کرنے والوں کو انعام سے نوازنے کی بھی بات کہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نتن گڈکری نے کہا کہ میں پیری فیرل روڈ پر بہت دنوں بعد آیا ہوں۔ ہمارے روڈ کا کام بہت ہوا ہے، اب میری خواہش ہے کہ میرے ہاتھ سے بہت لوگ ریٹائر ہوں، کام نہ کر پائیں۔ کچھ کانٹریکٹر بلیک لسٹڈ ہوں، کچھ کی بینک گارنٹی ضبط ہو۔ آج میں نے روڈ دیکھا، بہت ہی خراب مینٹیننس تھا۔ ہم آپ کو چھوڑیں گے نہیں۔ جو خراب کام کریں گے ان کی بینک گارنٹی ضبط کرنے کے بعد ہم ان کو بلیک لسٹ کر دیں گے اور انہیں ٹنڈر بھرنے نہیں دیں گے۔ نتن گڈکری نے ہوشیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے وزیر مملکت اب سڑکوں کی جانچ کے لیے نکلیں گے اور خراب کام کرنے والوں کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روڈ کا ریکارڈ تو بہت ہو گیا، اب ہم دنیا کا سب سے بڑا روڈ نٹ ورک بن گئے ہیں۔ اب ہمیں لوگوں کو ریٹائر کرنا، سسپنڈ کرنا، بلیک لسٹ کرنا، ٹرمینیٹ کرنے کا ریکارڈ بنانا ہے۔ میری بات کو سنجیدگی سے لیجیے۔