احمد آباد، 15 جنوری (یو این آئی) اسپنر سدھارتھ دیسائی کے سات وکٹوں کی بدولت گجرات نے رنجی ٹرافی میں ایلیٹ گروپ-سی کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں کرناٹک کو چھ رنز سے شکست دے دی۔چوتھی اننگ میں کرناٹک کو جیت کے لیے صرف 109 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن گجرات کے گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرناٹک کو 103 رنز پر سمیٹ دیا۔ تاہم ایک وقت کرناٹک کی ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 50 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد گجرات کے اسپنر سدھارتھ دیسائی نے سات وکٹ لے کر کرناٹک کو آل آؤٹ کردیا۔کرناٹک کے کپتان مینک اگروال نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ گجرات کی ٹیم نے کشتیج پٹیل 95 رنز اور امنگ کمار 72 رنز کی نصف سنچریوں کی بدولت 264 رنز بنائے۔ کرناٹک کی جانب سے واسوکی کوشک نے چار وکٹ لیے۔ پرسدھ کرشنا، روہت کمار، شوبھانگ ہیگڑے اور وجے کمار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔کرناٹک کے اوپنر آر سمرتھ 72 رن اور کپتان مینک اگروال نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 172 رنز جوڑے۔ اگروال نے صرف 124 گیندوں میں 17 چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 109 رنز بنائے۔ دیودت پڈیکل نے 42 اور تجربہ کار بلے باز منیش پانڈے نے 88 رنز بنائے۔ کرناٹک کی ٹیم نے پہلی اننگ میں 374 رنز بنائے اور اسے پہلی اننگ کی بنیاد پر 110 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔گجرات نے دوسری اننگ میں 52 رنز پر چار وکٹ گنوا دیے جس کے بعد منن ہنگراجیہ (56) اور کشتیج پٹیل (26) نے اننگ کو سنبھالا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت قائم کی۔ امنگ کمار نے 56 رنز بنائے۔ گجرات کی پوری ٹیم صرف 219 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور کرناٹک کو محض 109 رنز کا ہدف ملا۔اس کے بعد گجرات کے گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرناٹک کو 103 رنز پرسمیٹتے ہوئے میچ چھ رنز سے جیت لیا۔