نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے سابق قومی کھلاڑی سنتوش کشیپ کو ہندوستانی قومی خواتین فٹ بال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ پیر کو یہ اعلان کرتے ہوئے اے آئی ایف ایف نے کہا کہ 58 سالہ کشیپ آئندہ ماہ کھٹمنڈو میں منعقد ہونے والی ایس اے اے ایف خواتین چیمپئن شپ کی تیاری کے کیمپ کے پیش نظر فوری اثرات سے ہندوستانی خواتین کی فٹ بال ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اس کے ساتھ ہی سال 2022 سے ہندوستان کی انڈر 17 خواتین ٹیم کی ہیڈ کوچ پریا پی وی نئی اسسٹنٹ کوچ اور رگھویر پروین کھانولکر گول کیپنگ کوچ ہوں گے۔ ہیڈ کوچ بننے کے بعد سنتوش کشیپ نے کہا، ’’قومی ٹیم کی کوچنگ کرنا ہمیشہ اعزاز کی بات ہے۔ میں اے آئی ایف ایف کے صدر کلیان چوبے، ٹیکنیکل کمیٹی، ٹیکنیکل ڈیپارٹمنٹ اور فیڈریشن کے دیگر سینئر ممبران کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے سینئر قومی خواتین ٹیم کی کوچنگ کا موقع دیا۔انہوں نے کہا، “مجھے سینئر خواتین کی قومی ٹیم کی موجودہ کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے۔ یہ سب باصلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن ہمیں حکمت عملی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں قومی کیمپ کے دوران ٹیم کے ارکان کو ضروری معلومات دے سکتا ہوں۔کشیپ کا فٹ بال کیریئر بہت سے آئی لیگ کلبوں جیسے ایئر انڈیا، موہن بگان اے سی، آیزول ایف سی، سالگاوکر ایف سی اور او این جی سی سے وابستہ رہا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے انڈین سپر لیگ کے دو کلب نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ (2015) اور اوڈیشہ ایف سی (2023-24) میں اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی کام کیا ہے۔
دریں اثنا، 29 رکنی ہندوستانی خواتین کی فٹ بال ٹیم 20 ستمبر کو گوا میں کیمپ کے ساتھ آئندہ ایس اے ایف ایف خواتین کی چیمپئن شپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔