نئی دہلی17ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی آج اپنی 74ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس موقع پر حکمراں جماعت کے ساتھ اپوزیشن رہنما بھی سوشل میڈیا کے ذریعے نیک خواہشات بھیج رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، بی ایس پی سربراہ مایاوتی اور اپوزیشن کے کئی سرکردہ رہنماؤں نے پی ایم مودی کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے وزیر اعظم مودی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’وزیراعظم کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارک باد، خدا انہیں اچھی صحت اور لمبی زندگی عطا کرے۔‘‘ بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے لکھا، ’’وزیراعظم نریندر مودی کو آج ان کی سالگرہ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور ان کی لمبی عمر کے لیے نیک خواہشات۔‘‘ دریں اثنا، ایس پی سربراہ اور یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے لکھا، ’’وزیراعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔‘‘ تملگا ویٹری کزگم کے صدر اور اداکار وجے نے بھی انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں پی ایم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو سالگرہ کی مبارک باد۔ میں آپ کی اچھی صحت، خوشی اور لمبی زندگی کی خواہش کرتا ہوں۔‘‘ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے بھی ایکس پر پوسٹ کر کے پی ایم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔