نئی دہلی14ستمبر: جمعہ کے دن دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو سپریم کورٹ سے ایک طویل عرصے بعد ضمانت ملی۔ ان کی تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد بارش کے باوجود عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیڈران و کارکنان میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ اس موقع پر عآپ کے مداحوں نے 6 فلیگ اسٹاف کے آس پاس جم کر آتش بازی کی اور خوشیاں منائیں۔ لیکن اب اس معاملے میں عآپ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دراصل دہلی پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ آتش بازی معاملے میں بی جے پی نے بھی عآپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ بی جے پی نے عآپ کے وزیر ماحولیات گوپال رائے سے سوال کیا تھا کہ کیا آتش بازی پر عائد پابندی ہٹا لی جائے۔ دہلی بی جے پی نے یہ سوال اس لیے اٹھایا کیونکہ 4 دن پہلے دہلی کے وزیر ماحولیات نے آتش بازی کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس معاملہ میں بی جے پی کے ترجمان پروین شنکر کپور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا تھا کہ ’’دیوالی کے پٹاخوں کو دہلی کی آلودگی کا ذمہ دار بتا کر پٹاخوں پر پابندی لگانے والے گوپال رائے بتائیں کہ یہ اروند کیجریوال کے چیلے چپاٹے پٹاخے کہاں سے لا کر چلا رہے ہیں؟ کیا عام آدمی پارٹی کے پٹاخوں سے آلودگی نہیں ہوتی۔‘‘ واضح رہے کہ دہلی آبکاری گھوٹالہ کے معاملہ میں جمعہ کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو سپریم کورٹ سے ضمانت ملی تھی۔ جب جمعہ کی شام وہ تہاڑ سے باہر نکلے تھے تو عوام سے خطاب بھی کیا تھا، جس میں کہا تھا کہ وہ جیل میں جا کر مزید مضبوط ہو گئے ہیں اور اب ایک بار پھر پوری طاقت کے ساتھ عوام کے حق کی لڑائی لڑیں گے۔ جب کیجریوال یہ خطاب کر رہے تھے تو عآپ کارکنان بڑی تعداد میں نہ صرف تالیاں بجا رہے تھے، بلکہ جگہ جگہ پٹاخے بھی پھوڑ رہے تھے۔ اور اب اسی آتش بازی کی وجہ سے عآپ کے خلاف دہلی پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔