میرٹھ میں دردناک حادثہ، 50 سال قدیم سہ منزلہ مکان منہدم ایک خاتون کی موت، 15 افراد اور درجنوں مویشی ملبہ میں دبے

0
7

لکھنو14ستمبر: کئی دنوں سے مستقل ہو رہی بارش اتر پردیش کے میرٹھ میں ایک دردناک حادثہ کا سبب بن گئی۔ میرٹھ کے لوہیا نگر علاقہ میں اس وقت سنگین حادثہ پیش آیا جب 50 سال قدیم سہ منزلہ مکان اچانک بھربھرا کر گر گیا۔ اس حادثہ کے بعد ایک ہی کنبہ کے تقریباً 15 افراد اور درجنوں مویشی ملبہ کے نیچے دب گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کی خبر ملتے ہی اے ڈی جی سے لے کر ضلع کے تمام اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ تقریباً پانچ گھنٹے چلی ریسکیو مہم کے بعد تک چند ایک لوگوں کو باہر نکالا جا سکا تھا جس میں سے ایک خاتون کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔ دیر رات تک ریسکیو آپریشن جاری ہے اور موقع پر این ڈی آر ایف کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ذاکر کالونی گلی نمبر 7 میں 90 سالہ ضعیفہ نفو عرف نفیس کا 300 گز میں سہ منزلہ مکان ہے۔ یہ مکان تقریباً 50 سال قدیم ہے جس کے گراؤنڈ فلور پر نفو کے بیٹے ڈیئری چلاتے ہیں۔ اوپر کی دو منزلوں پر نفو کے بیٹے ساجد اپنی بیوی صائمہ اور بیٹے نعیم اپنی بیوی علیشا و پانچ سالہ بیٹی رمشا رہتے ہیں۔ ان کے علاوہ ندیم اپنی بیوی فرحانہ کے علاوہ دو سالہ بیٹا حمزہ اور شاکر اپنی بیوی صاحبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ مجموعی طور پر تقریباً 15 لوگ یہاں رہائش پذیر ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی شام تقریباً 4.30 بجے یہ مکان اچانک بھربھرا کر زمین دوز ہو گیا۔ تیز آواز کی وجہ سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ حادثہ کے بعد موقع پر لوگوں کی بھیڑ لگ گئی اور چاروں طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ جانکاری ملتے ہی تھانہ پولیس سے لے کر اے ڈی جی دھروکانت ٹھاکر، آئی جی نچکیتا جھا، کمشنر سیلوا کماری جے، ڈی ایم دیپک مینا اور ایس ایس پی ویپن تاڈا سمیت کئی تھانوں کی فورس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے ملبہ کو ہٹانے کا کام شروع کیا۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے جے سی بی اور ایمبولنس جائے وقوع تک نہیں پہنچ پایا۔ تقریباً پانچ گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد ملبہ میں دبی ساجد کی بیوی صائمہ اور نفو عرف نفیس کے ایک بچے کو باہر نکالا گیا۔ سبھی زخمیوں کو اسپتال کے لیے روانہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملبہ میں نفو کا پورا کنبہ اور ڈیری میں پرورش پانے والے تقریباً 30 مویشی دبے ہوئے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن میں این ڈی آر ایف کی ٹیم بچاؤ کام میں مصروف ہے۔ حادثہ کے بعد لگاتار ہو رہی بارش ریسکیو آپریشن میں رخنہ انداز بن رہی ہے۔