اننت پور، 13 ستمبر (یو این آئی) ایشان کشن کی سنچری کے بعد مناؤ سوتھر کی شاندار بلے بازی کی بدولت انڈیا سی ٹیم نے جمعہ کو دلیپ ٹرافی کے چوتھے میچ میں 525 رنز کا بڑا اسکور بنا لیا۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انڈیا بی نے بھی بغیر کوئی وکٹ کھوئے 124 رنز بنا کر اچھی شروعات کی۔ آج انڈیا سی نے پانچ وکٹوں پر 357 کے اسکور سے دن کا آغاز کیا اب ٹیم کے اسکور میں 25 رنز کا اضافہ ہوا جب کپتان ریتوراج گائیکواڑ (58) کو مکیش کمار نے بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد میانک مارکنڈے بھی (17) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ تاہم، انشول کمبوج نے مناؤ سوتھر کے ساتھ کچھ وقت لیا اور آٹھویں وکٹ کے لیے 55 رنز جوڑے۔ انشول کمبوج (38) اور وجے کمار ویشکھ (12) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ مناؤ سوتھر نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 525 تک پہنچا دیا۔ انڈیا بی کی جانب سے مکیش کمار اور راہل چاہر نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ نودیپ سینی اور نتیش کمار ریڈی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد انڈیا بی ٹیم کی جانب سے بیٹنگ کرنے آئے کپتان ابھیمانیو ایشورن اور نارائن جگدیسن نے صبر آزما بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور بغیر کوئی وکٹ کھوئے 124 رنز بنائے۔ تاہم یہ اب بھی انڈیا سی کے اسکور سے 401 رنز پیچھے ہے۔