پٹنہ 14 جنوری (یواین آئی)ملک میں حکمران طبقہ جس طرح لوگوں کو مذہب کی افیون چٹارہا ہے، اس سے ماحول زہریلا ہو رہا ہے۔ یہاں تک کہ بھگوان رام کو بھی یہ لوگ سیاست کا مہرہ بنارہے ہیں اور مذہب کے نا م پر سیاست کر رہے ہیں۔ ایسے میں مجاہد آزادی کی یاد آنا فطری ہے۔ آنجہانی بندیشوری دوبے جی ایک عظیم مزدور رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین مجاہد آزادی بھی تھے۔ وہ پہلے بہار قانون ساز اسمبلی کے رکن تھے اور بہار کے وزیر اعلیٰ بھی بنے۔ ریاستی صدر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ آنجہانی راجیو گاندھی کی کابینہ میں وزیر قانون و انصاف بھی تھے۔ اس کے علاوہ وہ آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس کے قومی صدر بھی رہے۔ کانگریس میں ایسے قد آور لیڈروں کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔بہار کانگریس کے صدر ڈاکٹر اکھلیش پرساد سنگھ نے آنجہانی بندیشوری دوبے کی 103 ویں یوم پیدائش کے موقع پر بھیجے گئے اپنے پیغام میں یہ باتیں کہیں۔اس موقع پر کانگریس قائدین اور کارکنوں نے سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر کرپاناتھ پاٹھک کی قیادت میں آنجہانی وندیشوری دوبے کی یوم پیدائش تقریب ہیڈکوارٹر صداقت آشرم میں منائی اور ان کے مجسمے پر گلپوشی کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔اس پروگرام میں جن لیڈروں نے حصہ لیا ان میں سابق وزیر کرپاناتھ پاٹھک، راجیش راٹھوڑ، آلوک ہرش، لال بابو لال، ونود شرما، سنجے کمار پانڈے، سودے شرما، وملیش تیواری، محمد شاہنواز، پرینکا سنگھ، ارونا سنگھ، ڈاکٹر دیپک کمار سنگھ، اندردیو پرساد، چترنجن سنگھ، رنجیت کمار رام وغیرہ شامل ہیں۔